پشاور : امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ اب حکومتیں توپ سے نہیں ووٹ سے بدلتی ہیں، ووٹ امانت ہے، اللہ کا حکم ہے کہ امانت کو اس کے اہل کے حوالے کرو۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے پشاور میں متحدہ مجلس عمل کے انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کیا، انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی اور متحدہ مجلس عمل کا مقصد صرف ووٹ لینا نہیں۔
ووٹ عوام کی طاقت ہے، اب حکومتیں توپ سے نہیں ووٹ سے بدلتی ہیں، ووٹ اللہ کی طرف سے گواہی و امانت ہے، اللہ کاحکم ہے کہ امانت کو اس کے اہل کے حوالے کرو۔
امیرجماعت اسلامی کا جلسے سے خطاب میں مزید کہنا تھا کہ عوام اپنی طاقت اسلام ،شریعت اور نظام مصطفی کے نفاذ کیلئے استعمال کریں، آج عالمی سطح پر کشمیر، فلسطین وافغانستان میں مقابلہ ہے اور ہمارا مقابلہ مغربی کلچر سے ہے۔
انہوں نے کہاکہ 2018کا الیکشن یہ فیصلہ کرے گا کہ پاکستان ایک اسلامی ملک رہے گا یا لبرل اور سیکولر پاکستان بنے گا،یہ الیکشن نظریا ت ، تہذیب اور کلچر کا مقابلہ ہے،یہ غیر ت اور بے غیرتی اور حیااور بے حیائی کے درمیان مقابلہ ہے۔
سینیٹر سراج الحق کا کہنا تھا کہ متحدہ مجلس عمل عام آدمی کو خوشحال دیکھنا چاہتی ہے اس لئے ظلم کرپشن اور غربت کے خاتمہ کیلئے جدوجہد کررہی ہے،ہم تعلیم کو بالکل مفت کردیں گے۔
انہوں نے کہا کہ انتخابی عمل کو غیر جانبدار اور شفاف بنانے کیلئے نگران حکومت اور الیکشن کمیشن مربوط اقدامات کریں، اگر حالیہ انتخابات پر عوام کا اعتماد نہ رہا تو ملک میں انتشار اور انارکی کو پھیلنے کا خدشہ ہے۔
خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔