ژوب : امیرجماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ سانحہ کوئٹہ پاکستان کا نائن الیون ہے۔ مولانا عبدالحئی مندوخیل نے پوری زندگی غلبہ اسلام کی جدوجہد کی۔
بلوچستان کے ضلع ژوب میں تعزیتی ریفرنس سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ بلوچستان کے عوام محب وطن ہیں۔
بلوچستان کے بارے میں بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کے بیان پر یہاں کے محب وطن عوام کی طرف سے جو شدید ردعمل آیا ہے اس نے ثابت کردیا ہے کہ یہاں کے عوام پاکستان کی خا طر مرمٹنے کیلئے تیار ہیں۔
بھارتی وزیر اعظم نے بیان دیا تو بلوچستان کے عوام نے ہی اس کا منہ توڑجواب دیا تھا، انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے عوام ملک کے خلاف نہیں بلکہ ظلم اور ناانصافی کیخلاف ہیں اور میں ان کے ساتھ ہوں۔
انہوں نے کہا کہ وسائل کی غیر منصفانہ تقسیم اورصوبے کے عوام کو تعلیم صحت اورروز گارسے محرورم رکھنا ظلم ہے ،اس ظلم کے خلاف آواز اٹھانے والوں کو ملک دشمن قرار نہیں دیا جاسکتا۔
وفاقی حکومت بلوچستان کے عوام کے ساتھ کئے گئے وعدوں کا پاس کرتی تو یہاں سے اسلام آباد کے خلاف کوئی آواز نہ اٹھتی، مولانا عبدالحئی مندوخیل نے پوری زندگی غلبہ اسلام کی جدوجہد کی۔
سراج الحق نے کہا کہ کوئٹہ سانحہ کے بعد میں نے وزیر اعظم کو تجویز دی تھی کہ کوئٹہ میں تمام سیاسی قائدین کا مشاورتی اجلاس طلب کیاجائے جس میں سیکیورٹی اداروں کے سربراہان اور آرمی چیف کو بھی بلایا جائے اور مل بیٹھ کر یہاں کے مسائل اور بدامنی کا حل تلاش کیا جائے لیکن مرکزی حکومت نے اس تجویز پر عمل نہیں کیا۔
یہی وجہ ہے کہ مودی کو بھی جلتی پر تیل ڈالنے کا موقع ملا ،جس کا بلوچستان کے غیورعوام نے متحد ہوکر مودی کو منہ توڑ جواب دیا ہے۔