منگل, مئی 13, 2025
اشتہار

مصنوعی تبدیلیوں سے حالات نہیں سدھرسکتے، حالات نے عوام کو زندہ درگور کردیا، سراج الحق

اشتہار

حیرت انگیز

لاہور: امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ مصنوعی تبدیلیوں سے حالات نہیں سدھرسکتے، تبدیلی کے نام پر تباہی لانے والوں نے عوام کو زندہ درگور کردیا ہے۔

ان خیالات کااظہار انہوں نے اپنے حلقہ انتخاب ثمر باغ میں مختلف وفود سے ملاقات کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا، انہوں نے کہا کہ
حکومت نے بجلی ، گیس اور تیل کی قیمتیں تو بڑھا دیں مگر بجلی کی لوڈشیڈنگ کے خاتمہ کے لیے کچھ نہیں کیا۔

نااہل حکومت نے لوگوں کو جس مصیبت اور پریشانی سے دوچار کردیاہے اگر اس کا فوری ازالہ نہ کیا گیا تو عوام حکمرانوں کے خلاف اٹھ کھڑے ہوں گے۔

سینیٹر سراج الحق کا مزید کہنا تھا کہ مصنوعی تبدیلیوں سے حالات نہیں سدھرسکتے، ایک ہی طرح کےلوگوں کوجمع کرکےتبدیلی نہیں لائی جاسکتی، تبدیلی کے نام پرتباہی لانے والوں نے عوام کو زندہ درگورکردیا ہے۔

پاکستان کو اسلامی ریاست کا نعرہ لگا کر قوم کو دوسری بار دھوکا دیا گیا، ووٹ لینے کے بعد حکمران اپنے کیے گئے وعدے بھول چکے ہیں، ایک کروڑ نوکریاں اور50لاکھ گھر کے وعدے رات گئی بات گئی کے برابرہیں۔

امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ اربوں ڈالر کے قرضے اور امداد ملنے کے باوجود حکومت عوام کو کوئی ریلیف نہیں دے سکی ۔ مہنگائی سے عوام کے اوسان خطا ہو گئے ہیں ،غریب کے گھر کا چولہا بجھ چکا ہے اور حکمران طفل تسلیوں سے آگے نہیں بڑھ سکے۔

سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ حکومت نے اگر بیرون ملک پڑی چوری کی دولت واپس لانے کے لیےکوئی قدم نہ اٹھایا اور اسی طرح کشکول اٹھا کر در بدر پھرتی رہی تو عوام کا پیمانہ صبر لبریز ہو جائے گا۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت بیرونی بینکوں میں موجود قومی دولت کی واپسی کے لیے واضح لائحہ عمل کا اعلان کرے ۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں