اتوار, مارچ 16, 2025
اشتہار

امریکی فیصلے کے خلاف اسلامی تاریخ کا سب سے بڑا مارچ کریں گے، سراج الحق

اشتہار

حیرت انگیز

لاہور : امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ بیت المقدس کو اسرائیل کا دارالحکومت تسلیم کرنے متنازعہ امریکی فیصلے کے خلاف ملک بھر میں ملین مارچ کریں گے جوعالم اسلام کی تاریخ کا سب سے بڑا مارچ ہوگا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا، امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ امریکا نے خطے میں قیام امن کی کوششوں کو سبوتاژ کر کے مشرق وسطیٰ میں آگ لگا دی ہے جسے قبول نہیں کیا جائے گا۔

سنیٹر سراج الحق نے لاہور میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امریکا اسرائیل کو دارالحکومت تسلیم کرنے کے فیصلے پر قائم رہے تو معاشی تعلقات منقطع کر دینے چاہئیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ فلسطین کامسئلہ اہم ہے جس کے لیے عالم اسلام کے حکمرانوں پر بڑی ذمے داری بنتی ہے اس لیے عالم اسلام کے حکمرانوں سے اپیل ہے کہ ترکی کے مؤقف کی تائید کریں۔

امیر جماعت اسلامی نے حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت کی کارکردگی درست نہیں ہے جنہوں نے قوم کو دہشت گردی اور مہنگائی کا تحفہ دیا ہے اور اپنی کرپشن اور نااہلی کے باعث نوازشریف نااہل، اسحاق ڈاراشتہاری اور زاہد حامد مستعفی ہوچکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ ایک افسوسناک صورت حال ہے جس میں کارِ مملکت کو رواں رکھنا ناممکن ہو گیا ہے دوسری جانب تاحال ہمارے کرپٹ حکمرانوں نے کبھی پارلیمنٹ کو اہمیت نہیں دی چنانچہ اس افسوسناک صورت حال کا حل صرف اور صرف بروقت انتخابات ہیں۔

امیر جاعت اسلامی نے کرپشن کے خلاف اپنے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ جماعت اسلامی کرپشن کے خلاف اپنی مہم جاری رکھے گی کیوں کہ ہمارا ماننا ہے کہ کرپشن کے خاتمے کے بغیر پاکستان ترقی نہیں کرسکتا۔

اس موقع پر امیرجماعت اسلامی نے مطالبہ کیا کہ جتنے سیاست دانوں کے مقدمات زیر التواء انہیں فوری طور نمٹایا جائے اور کرپٹ شخص کے انتخابات میں حصہ لینے پر پابندی عائد کردی جائے تاکہ پارلیمنٹ تک صرف صادق اور امین افراد پہنچ سکیں۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ قبائلی عوام کا خیبرپختونخواہ کے ساتھ انضمام سے متعلق مطالبہ منظورکیا جائے جس کے لیے  قبائلی عوام کا لانگ مارچ کل اسلام آباد میں ہوگا اس لیے قبائلی عوام کی دل شکنی کے بجائے اُن کے مطالبات منظور کئے جائیں۔

سانحہ ماڈل ٹاؤن کی انکوائری رپورٹ سے متعلق ان کا کہنا تھا کہ جسٹس باقر نجفی رپورٹ میں جسے ذمے دار قرار دیا گیا ہے اسے سخت سے سخت سزا دی جائے تاکہ ایسے سانحات دوبارہ رونما نہ ہوں۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں