امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے چوہدری پرویز الہٰی کی رہائشگاہ پر پولیس چھاپے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کرپشن الزامات پر بلاامتیاز سب کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کردیا۔
امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی صدر اور سابق وزیراعلیٰ پنجاب کی رہائشگاہ پر پولیس چھاپے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کرپشن الزامات پر سب کے خلاف بلا امتیاز کارروائی کا مطالبہ کردیا۔
سراج الحق نے اپنے مذمتی بیان میں کہا کہ پرویز الہٰی کے گھر رات کے اندھیرے میں چھاپے کی شدید مذمت کرتا ہوں۔ اس چھاپے میں چادر اور چار دیواری کے تقدس کو پامال کیا گیا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ پولیس کا بکتر بند کا استعمال ناقابل فہم ہے۔ اگر کرپشن الزامات پر یہ کارروائی کی گئی ہے تو پھر جن پر کرپشن کے الزامات ہیں ان سب کے خلاف ہی بلا امتیاز کارروائی ہونی چاہیے۔
واضح رہے کہ جمعہ اور ہفتے کی درمیانی شب لاہور میں سابق وزیراعلیٰ پنجاب اور پی ٹی آئی کے مرکزی صدر چوہدری پرویز الہٰی کی گرفتاری کے لیے ان کی رہائشگاہ پر پولیس نے چھاپہ مارا۔ پولیس گھر کی تین بار تلاشی کے باوجود پرویز الہٰی کو تو گرفتار نہ کرسکی تاہم 25 سے زائد افراد کو حراست میں لے لیا گیا جب کہ آج صبح پرویز الہٰی کے خلاف دہشتگردی اور دیگر دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔
چوہدری پرویز الہٰی نے اس کارروائی کے خلاف عدالت سے رجوع کرنے کا اعلان کیا ہے۔