لندن : امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ صاف ستھرے کردار کے حامل افراد سے رابطے کر رہے ہیں عام انتخابات میں تیاری کے ساتھ میدان میں اتریں گے.
ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور میں پارٹی رہنماؤں سے ٹیلیفونک گفتگو کرتے ہوئے کیا، امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ انتخابات میں دینی جماعتوں کو ساتھ ملانے کی کوشش کریں گے جس کے لیے متحدہ مجلس عمل کے احیاء پر تیزی سے کام جاری ہے.
سراج الحق نے کہا کہ پاناما سمیت جتنے بھی بڑے اسکینڈل سامنے آئے ہیں ان میں سے کسی میں بھی کسی مذہبی رہنما کا نام نہیں جو کہ ان کی دیانت داری اور حب الوطنی کی زندہ مثال ہے اور پاکستان کو ایسے باکردار نمائندے ہی مشکلات سے نکال سکتے ہیں.
انہوں نے مزید کہا کہ اس وقت اقتدار میں موجود اور ماضی میں حکومتوں میں رہنے والوں میں یہ صلاحیت نہیں کہ ملک کو مسائل سے نکال سکیں جس کے لیے مذہبی جماعتوں کے صالح اور صادق و امین نمائندوں کو میدان میں آنا ہوگا.
امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا کہ بروقت انتخابات کے ساتھ بے لاگ احتساب پر یقین رکھتے ہیں، قومی خزانے کو نقصان پہنچانے والوں کو الیکشن کی اجازت نہ دی جائے.