لاہور : امیر جماعت اسلامی سراج الحق کا کہنا ہے کہ حکومتی قبلہ مکہ کے بجائے کسی اور طرف ہوا تو درست کردیں گے، کوئی مائی کا لعل پاکستان کو سیکولر اورلبرل ریاست نہیں بناسکتا۔
تفصیلات کے مطابق امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ کچھ لوگ پاکستان میں دینی جماعتوں کی شکست پر بغلیں بجا رہے ہیں، وہ سمجھتے ہیں یہاں لبرل وسیکولر لابی کو کھل کر کھیلنے کا موقع ملے گا۔
سراج الحق کا کہنا تھا کہ پاکستان کوکوئی مائی کا لعل سیکولر اورلبرل ریاست نہیں بناسکتا، عمران خان پاکستان کو مدینہ کی طرز پر بنانے کا عہد پورا کریں، ہم حکومت کے ہر اچھے کام کی تعریف اور تائید کریں گے۔
یاد رہے چند روز قبل امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ جمہوریت کے تسلسل کیلئے نئی حکومت کو کام کا موقع دینا چاہتے ہیں، ہر قسم کی کرپشن کے خاتمے کے لیے اقدامات کے منتظر ہیں۔
انھوں نے مزید کہا تھا کہ نئی حکومت کے اچھے کاموں کی تعریف کریں گے، عمران خان کے اچھے کاموں کی حمایت کریں گے، جماعت اسلامی نے ہمیشہ جمہوریت کیلئے جدوجہد کی ہے۔