فیصل آباد: امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی کا ایجنڈا زرداری اور ن لیگ کا ایجنڈا نواز شریف کی رہائی ہے۔
تفصیلات کے مطابق امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے مرکز اسلامی کے دورے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت مدینہ کی ریاست کی طرف بڑھتی ہے تو حمایت کریں گے۔
امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا کہ سینیٹ الیکشن ہوگا تو اپنا فیصلہ عوام کے سامنے رکھیں گے۔
انہوں نے کہا کہ چیئرمین نیب کا تقرر وزیراعظم، اپوزیشن لیڈر کی صوابدید نہیں ہونی چاہئے، سپریم کورٹ اور ہائیکورٹ کے ججز مل کر نیب چیئرمین کو مقرر کریں، موجودہ نیب کو تحلیل کرکے نیا نیب سسٹم لایا جائے۔
سراج الحق نے کہا کہ تاجروں کی ہڑتال کے باعث کراچی سے چترال تک ملک بند تھا، لوگ حکومت کی پالیسیوں سے خوش نہیں ہیں۔
مزید پڑھیں: سودی نظام نے معیشت تباہ کردی ،خمیازہ پوری قوم بھگت رہی ہے، سینیٹر سراج الحق
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ پشاور میں روٹی کی قیمت 15 اور نان کی 20 روپے مقرر کردی گئی ہے، غریب آدمی اب کیسے کھانا کھائے گا۔
واضح رہے کہ چند روز قبل سراج الحق کا کہنا تھا کہ سودی نظام نے معیشت تباہ کردی ہے جس کا خمیازہ پوری قوم کو بھگتنا پڑ رہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ملک کے نظریاتی تشخص بچانے کے لیے مسلسل سرگرم ہیں، ہم نے اسلامی نظام کے لیے مسلسل آواز اٹھائی ہے، اس سلسلے میں اسمبلیوں میں قراردادیں پیش کیں اوربعض قوانین منظور کرائے ہیں۔
سراج الحق کا کہنا تھا کہ قومی صوبائی اسمبلیوں اور سینیٹ میں ہماری تعداد محدود ہے مگر اس کے باوجود ہم ملک کی اسلامی و جمہوری شناخت کو قائم رکھنے کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔