لاہور: امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ حکمرانوں کا کام صرف کرپشن اور پیسہ باہر منتقل کرنا ہے، ادارے ناکام ہورہے ہیں، نئی نسل کے چہروں پر مایوسی ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ 8 اپریل کو مینار پاکستان پر یوتھ کنونشن منعقد ہوگا، ایٹم بم سے زیادہ طاقتور یوتھ ہے، نوجوانوں کو اپنا لائحہ عمل دیں گے۔
سراج الحق نے کہا کہ آئندہ الیکشن میں 50 فیصد ٹکٹ نوجوانوں کو دیں گے، ایوانوں کے دروازے غریبوں کے لیے کھول دیں گے، ہماری قوم حکمرانوں کو کبھی معاف نہیں کرے گی۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ حکومت کے پاس نوجوانوں کے لیے کوئی پروگرام نہیں ہے، مرکزی حکومت ناکامی سے دوچار ہے، صوبائی حکومتوں نے بھی عوام کے لیے کچھ نہیں کیا، چیف جسٹس ثاقب نثار نئے سینیٹرز سے بیان حلفی لیں انہوں نے ووٹ خریدا یا نہیں۔
مزید پڑھیں: ہم اقتدارمیں آکرکرپشن کا خاتمہ کریں گے، سراج الحق
واضح رہے کہ سراج الحق کا کہنا تھا کہ سینیٹ الیکشن میں لوگ بھیڑ بکریوں کی طرح بک گئے، ہم اقتدار میں آکر کرپشن کا خاتمہ کریں گے، جوڈیشل مارشل لاء کی تجویز کو کہیں سے بھی پذیرائی نہیں مل رہی۔
ان کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی ترقی پسند اور جمہوری جماعت ہے، ہم سینیٹ میں نوجوانوں کے حقوق کے لیے لڑیں گے، پاکستان میں قانون اور میرٹ کی بالادستی ہوگی، پاکستان ایک دن ضرور سپر پاور بنے گا۔
امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ میرے پاکستان میں روزگار ملنے تک بیروزگاری الاؤنس دیا جائے گا، حکومت ہر 70 سال کے بوڑھے مرد اور عورت کو خصوصی الاؤنس دے گی۔