لاہور: امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف سے ڈیل کو پارلیمنٹ میں زیر بحث لایا جائے۔
تفصیلات کے مطابق امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آئی ایم ایف سے ڈیل کو پارلیمنٹ میں زیر بحث لایا جائے، آئی ایم ایف سے معاہدے کے خطرناک نتائج برآمد ہوں گے۔
سراج الحق نے کہا کہ خدشہ ہے کہ اداروں کو گروی رکھ کر مزید قرضے لیے جائیں گے، بیرون ملک پڑے 375 ارب ڈالرز واپس لانے کے لیے کچھ نہیں کیا جارہا ہے۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ بچوں کو مادری زبان میں سائنس ٹیکنالوجی کی تعلیم دی جائے، عید کے بعد وسیع پیمانے پر رابطہ مہم چلائی جائے گی۔
مزید پڑھیں: آئی ایم ایف سے معاہدہ طے، پاکستان کو 6 ارب ڈالر قرض ملے گا، مشیر خزانہ کی تصدیق
واضح رہے کہ دو روز قبل مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ نے تصدیق کی تھی کہ پاکستان کا عالمی مالیاتی فنڈ سے معاہدہ طے پاگیا ہے، آئی ایم ایف تین سال کے لیے پاکستان کو 6 ارب ڈالر دے گا جبکہ عالمی بینک اور ایشیائی ترقیاتی بینک سے بھی تین ارب ڈالرز کا قرض ملنے کا امکان ہے۔
عبدالحفیظ شیخ کا کہنا تھا کہ پاکستان کاآئی ایم ایف سےمالیاتی پیکج پرمعاہدہ ہوگیا، مذاکرات کے بعد آئی ایم ایف کا فل بورڈ معاہدےکی منظوری دےگا، پچھلےچند سالوں سے پاکستان کی معاشی صورتحال اچھی نہیں ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ پچھلےسال ایکسپورٹ اورامپورٹ میں 20ارب ڈالر کا فرق تھا، پاکستان آئندہ 2سال میں ریزرو 50فیصد گرے، آئی ایم ایف عالمی ادارہ ہےجواپنےرکن ملکوں کی مشکل میں مدد کرتاہے، 3سال میں آئی ایم ایف سے 6ارب ڈالر ملیں گے۔