بہاولپور : امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ میں جاری پانامہ کیس سے قوم کو بڑی امیدیں وابستہ ہیں، امید ہے کرپٹ ٹولہ پانامہ کیس میں ضرور پھنسے گا، صوبہ بہاولپور جنوبی پنجاب کے عوام کا حق ہے جسے مسلم لیگ اور پیپلز پارٹی کی حکومتوں نے نظر انداز کیا۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے بہاولپور میں سابق امیر جماعت اسلامی پنجاب اورپنجاب اسمبلی میں جماعت اسلامی کے پارلیمانی سیکرٹری ڈاکٹرسید وسیم اختر کی والدہ کے انتقال پر اظہار تعزیت کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ انہوں نے کہا کہ کچھ لوگ مقدمہ کے فیصلے سے پہلے ہی بغلیں بجا کر تاثر دے رہے ہیں کہ انہوں نے میدان مار لیا ہے ،جب کیس کا فیصلہ آئے گا تو دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہوجائے گا۔
۔انہوں نے کہا کہ اپوزیشن میں موجود کچھ لوگ یہ ثابت کرنے کی کوشش کررہے ہیں کہ احتساب صرف وزیر اعظم اور ان کے خاندان کا ہوگا اور باقی سب لٹیرے صاف بچ جائیں گے مگر یہ تمام خوش فہمیاں اس وقت دم توڑ جائیں گی جب وزیراعظم اور ان کے خاندان کے بعد دوسروں کی باری آئے گی۔
امیر جماعت اسلامی نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ حکومت نے ترک صدرکو ریاست کی بجائے خاندانی مہمان بنا کر قومی یکجہتی و وقار کو نقصان پہنچایا، قومی قیادت ترک صدر سے گفتگو کرنا چاہتی تھی جس کا موقع نہیں دیا گیا۔
مزید پڑھیں : پنامہ کیس سیاسی مسئلہ نہیں ملک کے مستقبل کا سوال ہے: سراج الحق
ان کا کہنا تھا کہ صوبہ بہاولپور جنوبی پنجاب کے عوام کا حق ہے، غیرمنصفانہ تقسیم سے جنوبی پنجاب کے عوام کے اندر شدید احساس محرومی پایا جاتا ہے۔