لاہور : جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق کا کہنا ہے کہ کشمیر جل رہا ہے،نہتے کشمیریون کا قتل عام جاری ہے ایسے میں نریندرمودی کےساتھ ساڑھیوں اورآموں کےتبادلے کشمیریوں کے زخموں پرنمک پاشی کے مترادف ہیں۔
جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق نے اپنے ایک تازہ بیان میں کہا ہے کہ حکمران دل فریب بیانات سے کشمیروں کو دھوکہ دینے کی کوشش کررہے ہیں،،حکومتی رویے نے ثابت کردیا ہے کہ مسئلہ کشمیر حکمرانوں کا نہیں پاکستانی عوام کا ہے،حکمراں کشمیریوں کے زخموں کو مندمل کرنے کے لیے مرہم لگانے کے بجائے نمک پاشی کر رہے ہیں
انہوں نے حکومت کو متنبہ کرتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کی غیور اور محب الوطن حریت پسند قیادت کو یقین ہو چکا ہے کہ حکمراں کشمیر کے معاملے میں سودے بازی کر چکے ہیں یہ صرف پاکستانی عوام ہیں جو کشمیری بھائیوں کے غم میں برابر کے شریک ہیں اور اپنے بھائےیوں کی مدد کے لیے بے چین ہیں۔
امیر جماعت اسلامی کا مزید کا کہنا تھاکہ قومی دولت لوٹنے والے احتساب سے بچ نہیں سکتے،عوام چوروں کےساتھ حساب چکانےکیلئے تیار ہیں،پانامہ لیکس بین الاقوامی مسئلہ بن چکا ہے اور دنیا بھر میں پاکستان کی سبکی کا باعث ہے جس کی بحالی کے لیے ضروری ہے کہ وزیراعظم خود کو اوراپنے اہل ِ خانہ کو احتساب کیلئے پیش کریں اور خود احتسابی کی اعلیٰ مثال قائم کریں۔