لاہور : امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ عدالتوں کو کرپشن سے متعلق مقدمات کو تیزی سے چلانا چاہیئے تاکہ کرپٹ حکمرانوں کا بے رحم احتساب کیا جا سکے اور ملک سے اس ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکا جائے.
وہ لاہورمیں واقع جماعت اسلامی کے ہیڈ کوارٹر منصورہ میں شعبہ ترتیب کے شرکاء سے خطاب کر رہے تھے، امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ چیئرمین نیب تیز ترین احتساب کی بات کرتے ہیں لیکن عملاً کچھ کرکے دکھانے کو تیار نہیں ہیں.
سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ حکومت کی کوشش ہے کہ اسے شہادت کا مرتبہ حاصل ہو جائے لیکن اس بار حکومت کی آرزو پوری نہیں ہو گی اور اُسے کڑے احتساب سے گزرتے ہوئے اپنی بد اعمالیوں کا حساب دینا ہوگا اور حکمراں اس داغ سے نجات حاصل نہیں کر پائیں گے.
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ سابق وزیراعظم عدالتوں کو پارٹی بنانے کی کوشش کر رہے ہیں اور اداروں پر تنقید کرتے ہوئے اپنی کرپشن کو عدالتی فیصلے کے پیچھے چھپانا چاہتے ہیں لیکن اب یہ ڈرامہ نہیں چلے گا کیوں کہ عوام نے فیصلہ کرلیا ہے کہ کرپٹ ٹولے کو ووٹ کی طاقت سے شکست دیں گے.
سراج الحق کا کہنا تھا کہ انتخابات کا وقت پر انعقاد وقت کی سب سے بڑی ضرورت ہے اور قومی و ٹیکنو کریٹ حکومت محض ایک مفروضہ ہے جس کا حقیقیت سے کوئی تعلق نہیں اور ایسے تجربے اکثر ناکام ہی ہوتے ہیں تاہم انتخابات سے پہلے انتخابی اصلاحات کے نفاذ کو یقینی بنایا جائے.
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ انتخابی اصلاحات میں پاناما اور قرضے ہڑپ کرنے والوں کو الیکشن لڑنے کی اجازت نہیں ہونی چاہیئے اور کسی بھی کرپٹ شخص کو انتخابات میں حصہ لینے سے روکنے کے لیے قانون تشکیل دیا جانا چاہیئے.