رحیم یار خان: امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ ہمیں دہشت گردی کی طرح کشمیر پر بھی ایکشن پلان بنانا ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کشمیر مارچ ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تمام سیاسی جماعتوں کی کشمیر کے معاملے پر خاموشی نے مایوس کیا ہے، تمام جماعتوں کو کشمیر پر ایک پیج پر آنا ہوگا۔
سراج الحق نے کہا کہ چیف الیکشن کمشنر کے معاملے میں ناکامی سمجھ سے بالاتر ہے، ملک کو گفتار کی بجائے کردار کے غازیوں کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ سیاست دانوں نے کشمیریوں کو مایوس کیا ہے، وزیراعظم نے کہا تھا اقوام متحدہ سے واپسی پر روڈ میپ دوں گا لیکن وہ خاموش ہیں، مودی کشمیر میں پابندیاں لگا کر شیر ہوگیا ہے۔
مزید پڑھیں: 22 دسمبر کومسئلہ کشمیر پر اسلام آباد میں دمادم مست قلندر ہوگا، سراج الحق
واضح رہے کہ چند روز قبل سراج الحق کا کہنا تھا کہ بھارت نےگلگت اورمظفر آباد کو اپنے نقشے میں شامل کرلیا، ہم 22 دسمبر کومسئلہ کشمیرپر اسلام آباد میں دمادم مست قلندرکریں گے۔
امیر جماعت اسلامی کا مزید کہنا تھا کہ سیاسی قیادتیں ملک نہیں اپنے کاروبار اور کارخانے بدلنے کا سوچتی ہیں، حکمرانوں کی مسلسل خیانت اورکرپشن سےملک کا بچہ بچہ مقروض ہے۔
یاد رہے کہ جموں و کشمیر پر بھارتی قبضے کے دوران بھارتی انتظامیہ جھوٹے مقدموں کے ذریعے کشمیریوں کی جائیداد ہتھیانے لگی ہے، دوسری طرف لاک ڈاؤن اور مسلسل کرفیو کے باعث وادی میں 126 دنوں سے خوف و ہراس کا ماحول اور غیر یقینی کی صورت حال برقرار ہے۔