امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق کا کہنا ہے کہ سیاسی جماعتوں نے آپس میں مذاکرات نہ کیے تو خدانخواستہ ’عزیز ہم وطنوں‘ نہ سننا پڑ جائے۔
لاہور میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سراج الحق نے وفاقی حکومت اور پی ٹی آئی کو مذاکرات کا مشورہ دیا۔ انہوں نے کہا کہ قوم کسی حادثے کی طرف بڑھ رہی ہے لہٰذا موجودہ مسائل کا واحد حل مذاکرات ہیں، اگر مذاکرات ناکام بھی ہوں تو بھی حل مذاکرات ہی میں ہے۔
سراج الحق نے کہا کہ امریکا اور طالبان نے جنگ کے 22 سال بعد مذاکرات کیے، نیلسن منڈیلا کے 27 سال بعد مذاکرات کامیاب ہوئے، سیاسی جماعتوں کے درمیان فاصلے بڑھ گئے ہیں، زہریلی پولرائزیشن کو کم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ پی ٹی آئی اور پی ٹی ایم پر واضح کر دیا کہ دو صوبوں میں الیکشن حل نہیں، عام انتخابات کے لیے ایک دن کا تعین کریں، کل (ن) لیگ اور پی ڈی ایم ان ججز کی تعریف کرتے تھے اور آج پی ٹی آئی تعریف کر رہی ہے، افسوسناک بات یہ ہے کہ ادارے بھی باہم دست و گریبان ہیں۔