کراچی: امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا ہے کہ کشمیری 6 ماہ سے محصور ہیں، مسئلہ کشمیر پر ملائیشیا اور ترکی کے سوا کسی ملک نے ہمارا ساتھ نہیں دیا۔
ان خیالات کا اظہار انھوں نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام الیونتھ آور میں کیا، سراج الحق کا کہنا تھا کہ مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے پاکستان کو معاشی طور مضبوط کرنا چاہیے، ملک میں قومی یک جہتی کی ضرورت ہے، جب کہ حکومت نے مسئلہ کشمیر پر ایک دن بھی سیاسی جماعتوں کو نہیں بلایا، مسئلہ کے حل کے لیے کشمیری قیادت کو آگے لانا چاہیے۔
امیر جماعت کا کہنا تھا کہ حکومت نے تو کشمیر کے معاملے پر کچھ کیا ہی نہیں، اقوام متحدہ میں تو ہر حکمران نے تقریریں کی ہیں، 27 ستمبر کی تقریر خود عمران خان کو ڈھونڈ رہی ہے، حکومت کے پاس کوئی روڈ میپ نہیں، مشرف دور میں جو باڑ لگی اس کو ہٹانا چاہیے۔
حکومت گرانے سے متعلق سراج الحق کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی کبھی کسی سازش کا حصہ بنی اور نہ بنے گی، مولانا فضل الرحمان کا دھرنے کا فیصلہ ان کا اپنا تھا، خود ہی چلے گئے، مولانا سے کہا تھا حکومت گرانے کے بعد کس کو لانا ہے یہ بتائیں، حکومت گرانا آسان کام ہے، اصل مسئلہ اچھی حکومت کو لانا ہے۔
انتخابات سے متعلق انھوں نے کہا کہ پاکستان میں کبھی شفاف الیکشن نہیں ہوئے، پاکستان میں جب بھی شفاف الیکشن ہوئے تو جماعت اسلامی ہی آئے گی، پاکستان میں جمہوریت کبھی بھی آزاد نہیں رہی۔