کراچی : معروف سماجی رہنما ڈاکٹرعبدالستار ایدھی مرحوم کے نواسے احمد ایدھی پر سرسید ٹاؤن کے پولیس اہلکاروں کا مبینہ تشدد، آئی جی سندھ پولیس نے نوٹس لے لیا۔
تفصیلات کے مطابق احمد ایدھی کو گھر واپس آتے ہوئے ناظم آباد پر کھڑی پولیس موبائل نے رُکنے کااشارہ کیا مگر گاڑی تیز رفتاری کے باعث کچھ آگے نکل گئی تھی، تاہم واپس آنے پر وہاں موجود پولیس اہلکاروں نے انہیں تشدد کا نشانہ بنایا جس سے اُن کی شرٹ کے بٹن ٹوٹ گئے۔
فیصل ایدھی نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس حوالے سے پولیس کے اعلیٰ افسران سے رابطہ کیا جس پر آئی جی سندھ پولیس اے ڈی خواجہ نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی آئی جی ویسٹ سے رابطہ کر کے تحقیقات کے بعد رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیا۔
فیصل ایدھی نے مزید کہا کہ ’’ڈی آئی جی ویسٹ نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے واقعے میں ملوث 3 پولیس اہلکاروں کو معطل کردیا ہے، تاہم ایس ایچ او کی جانب سے واقعے پر معافی مانگی گئی ہے‘‘۔
دوسری جانب ڈیوٹی پر مامور پولیس اہلکاروں نے موقف ظاہر کیا ہے کہ ’’احمد ایدھی کو ہراساں یا تشدد کا نشانہ نہیں بنایا گیا ، بلکہ اُن کو سرسید ٹاؤن تھانے کی حدود میں واقعے ایک پارک کے قریب روکا گیا اور شناخت کے بعد انہیں جانے کی اجازت دے دی‘‘۔
فیصل ایدھی نے پولیس کی جانب سے فوی اقدامات کرنے کا شکریہ ادا کیا ہے اور کہا کہ معافی اور یقین دہانی کے بعد معاملے کو رفع دفع کردیا ہے۔