کراچی: امریکا میں برسوں سے قید عافیہ صدیقی کی بہن فوزیہ صدیقی وطن واپس پہنچ گئیں۔
تفصیلات کے مطابق عافیہ صدیقی کی بہن امریکا سے پاکستان واپس پہنچ گئی ہیں، فوزیہ صدیقی نے امریکا میں بہن سے ملاقا ت کے بعد وطن واپسی پر گفتگو کرتے ہوئے کہا ’’میں تصور بھی نہیں کر سکتی تھی کہ وہ اتنے برے حال میں ہے۔‘‘
فوزیہ صدیقی کا کہنا تھا کہ عافیہ سے ملاقات کو ممکن بنانے کے لیے ان کی مدد وزیر اعظم شہباز شریف، وزیر خارجہ بلاول بھٹو اور آصف زرداری نے کی تھی۔
ان کا کہنا تھا کہ عافیہ صدیقی کے ساتھ ملاقات میں ایک بڑا ہاتھ اسلام آباد ہائیکورٹ کا بھی تھا، فوزیہ نے ایک بار پھر دہرایا کہ عافیہ کی رہائی کی کنجی اسلام آباد میں ہے۔
گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر فوزیہ نے کہا کہ میں امریکی حکام سے امید رکھتی ہوں ان کے دل بھی نرم ہوں گے، انھوں نے مزید بتایا کہ جولائی یا اگست میں ان کی عافیہ سے دوبارہ ملاقات ہوگی۔