کراچی: شعبہ طب میں روبوٹک کی انقلابی سرگرمیوں کے بارے میں ہفتہ کے روز ایک بین الاقوامی سیمینار کا انعقاد کیا جا رہا ہے، جس میں دنیا کے نامور روبوٹک سرجنز شرکت کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق ایس آئی یو ٹی میں روبوٹک سرجری کی بین الاقوامی سیمینار ہفتے کو منعقد ہوگی، جس میں سرجری کی اس جدید ٹیکنالوجی کے تمام پہلوؤں پر غور کیا جائے گا، سیمینار کا اہتمام ایس آئی یو ٹی اور پاکستان سوسائٹی آف روبوٹک سرجنز نے کیا ہے۔
سیمینار کا ایک مقصد یہ بھی ہے کہ طبی پیشے کو جدید ترین ٹیکنالوجی سے روشناس کرایا جائے اور اس کا فائدہ ان لوگوں تک پہنچانے پر توجہ مرکوز ہو جنھیں اس جدید سہولت کی ضرورت ہے۔
سیمینار میں برطانیہ، آسٹریلیا، بھارت اور میزبان ملک سمیت دنیا کے کئی حصوں سے کچھ نامور روبوٹک سرجنز شرکت کریں گے، روبوٹک سرجری ایک جدید ترین ٹیکنالوجی ہے جس نے سرجیکل سائنسز کی دنیا میں تیزی سے مقبولیت حاصل کی ہے۔
روبوٹک سرجری کے مختلف فوائد میں آپریشن کا چھوٹا زخم، خون کا کم ضیاع، کم درد، جلد صحت یابی، اسپتال میں کم مدت تک رہنا اور کم پیچیدگیاں شامل ہیں۔
ترقی یافتہ دنیا کے علاوہ بھارت سمیت کئی ترقی پذیر ممالک میں روبوٹک ٹیکنالوجی کے سرجنز نے اس جدید ٹیکنالوجی کی خصوصیات کی بنا پر اس کی پذیرائی کی، ایس آئی یو ٹی نے 2017 میں سول اسپتال کراچی کے اشتراک سے اپنا روبوٹک سرجری پروگرام شروع کیا تھا، اب تک ایس آئی یو ٹی میں 2000 سے زائد پروسیجر انجام پا چکے ہیں۔
ایس آئی یو ٹی نے اس امید کا اظہار کیا ہے سرجری کے شعبے میں انقلاب ہی نہیں آئے گا بلکہ بڑے پیمانے پر آبادی کے لیے بہتر معیار زندگی اور صحت مند مستقبل کا حصول ممکن ہو سکے گا۔