اسلام آباد : وفاقی کابینہ کے6 نئے وزرا ء نے حلف اٹھا لیا، صدر ڈاکٹر عارف علوی نے نئے وزراء سے حلف لیا جبکہ میاں سومرو نے وزیر مملکت کا عہدہ لینے سے انکار کردیا۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی کابینہ میں توسیع کر دی گئی، جس کے لئے نئے وزراء کی حلف برداری کی تقریب ایوان صدر میں ہوئی، تقریب میں 6 نئے وزراء نے حلف اٹھالیا، صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے وزراء سے حلف لیا۔
حلف اٹھانے والوں میں تین نئے وزرا ء اور تین وزرائے مملکت شامل ہیں۔
علی محمد خان، عمر ایوب، علی زیدی نے وفاقی وزیر جبکہ مراد سعید، محمد شبیر علی اور محمد حماد اظہر نے وزیرمملکت کی حیثیت سے حلف اٹھایا۔
کابینہ میں شامل عمر ایوب کو وفاقی وزیر برائے توانائی جبکہ علی زیدی کو وفاقی وزیر برائے بحری امور کا قلمدان سونپا گیا ہے، دیگر وزرا کے عہدوں کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔
نئے وزراء اور وزرائے مملکت کی شمولیت کے بعد وفاقی کابینہ کی کُل تعداد 28 ہوگئی ہے۔
دوسری جانب محمد میاں سومرو نے وزیر مملکت کا عہدہ لینے سے انکار کردیا اور حلف نہیں اٹھایا، محمدمیاں سومرو سابق چیئرمیں سینٹ اور نگراں وزیر اعظم رہ چکے ہیں۔
مزید پڑھیں : وزیرِ اعظم عمران خان کا وفاقی کابینہ میں توسیع کا فیصلہ
یاد رہے 3 روز قبل وزیرِ اعظم عمران خان نے وفاقی کابینہ میں توسیع کا فیصلہ کرتے ہوئے 4 نئے وزرا کابینہ میں شامل کر دیے تھے، جن میں تین وفاقی وزیر اور ایک وزیرِ مملکت شامل تھے جبکہ اس فیصلے پر عمل در آمد صدارتی انتخاب کے بعد ہونا تھی۔
واضح رہے 20 اگست کو پہلے مرحلے میں وزیر اعظم عمران خان کی کابینہ میں 16 وفاقی وزرا اور 5 مشیروں نے اپنے عہدوں کا حلف اٹھایا تھا۔