لاہور: قومی اسکواڈ کا چھ کھلاڑیوں پر مشتمل دوسرا گروپ تین جولائی کو قومی ائیر لائن کے ذریعے مانچسٹر روانہ ہوگا۔
کھلاڑیوں میں فخر زمان، محمد حسنین، محمد حفیظ، محمد رضوان، شاداب خان اور وہاب ریاض شامل ہیں۔
مانچسٹر سے کھلاڑیوں کو ووسٹر لے جایا جائے گا جہاں ای سی بی کے زیر انتظام کورونا ٹیسٹ ہونگے، ٹیسٹ منفی آنے کے بعد ان کھلاڑیوں کو اسکواڈ کے دیگر کھلاڑیوں کے ساتھ شامل کرلیا جائے گا۔
تیسری کروناوائرس ٹیسٹ کی رپورٹ منفی آنے پر محمد حفیظ سمیت دیگر 6 کھلاڑی دورہ انگلینڈ کے لیے اہل قرار دیا گیا تھا۔
تمام کھلاڑیوں کی کرونا ری ٹیسٹنگ29 جون کو ہوئی تھی۔ اس سے پہلے 26جون کو ان6 کھلاڑیوں کا کرونا ٹیسٹ منفی آیا تھا، جبکہ مذکورہ کھلاڑیوں کی پہلی کروناٹیسٹ مثبت آئی تھی۔ پی سی بی کی جانب سے کھلاڑیوں کی روانگی کی تفصیلات جاری کی جائیں گی۔
خیال رہے کہ محمد حفیظ ان کھلاڑیوں میں شامل تھے جن کا پی سی بی کی جانب سے کیے گئے کرونا ٹیسٹ کے دوران نتیجہ مثبت آیا تھا تاہم اس کے اگلے ہی دن انہوں نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر انکشاف کیا تھا کہ ان کا اور اہلخانہ کا کرونا وائرس کا ٹیسٹ منفی آیا۔