جمعہ, مئی 16, 2025
اشتہار

چاند تاروں کا رقص دکھاتا شیشے کا کمرہ

اشتہار

حیرت انگیز

کیسا لگے گا آپ کو جب آپ زمین سے کئی فٹ اوپر فضا میں معلق ہوں اور سورج کے طلوع ہونے، غروب ہونے اور چاند تاروں کے سفر کو اپنے بالکل قریب سے دیکھ سکیں۔

جنوبی امریکی ملک پیرو میں بھی ایسے ہی ہینگنگ لاجز بنائے گئے ہیں جہاں رہنا تو بڑا دل گردے کا کام ہے، تاہم وہاں وقت گزارنا زندگی کے بہترین تجربات میں سے ایک ہوسکتا ہے۔

پیرو کے شہر کزکو میں ایک پہاڑ پر معلق شیشے کے کیپسولز بنائے گئے ہیں۔ یہ کیپسولز زمین سے 12 سو فٹ اونچائی پر واقع ہیں۔

یہاں تک پہنچنے کے لیے آپ کو باقاعدہ کوہ پیمائی کر کے پہاڑ کے اوپر چڑھنا ہوگا۔

زمین سے کئی سو فٹ اوپر شیشے سے بنے اس عارضی کمرے میں آپ طلوع آفتاب کے ساتھ ناشتہ اور غروب آفتاب کے وقت چائے پی سکتے ہیں۔ چاروں طرف قدرت کے شاندار مناظر بکھرے ہوئے ہیں جنہیں دیکھ کر آپ دنگ رہ جائیں گے۔

رات میں سوتے ہوئے چاند اور تارے آپ کے اوپر رقص کرتے دکھائی دیں گے اور آپ اندھیری رات کو صبح کاذب اور پھر صبح کے خوبصورت رنگوں میں ڈھلتا ہوا دیکھ سکیں گے۔

یہاں پر آپ کو پیرو کے مقامی کھانے بھی پیش کیے جائیں گے۔

واپسی کے وقت ایک اور ایکسائٹمنٹ آپ کی منتظر ہوگی۔ واپس جانے والوں کے لیے یہاں 7 طویل زپ لائنز لگائی گئی ہیں جن کے ذریعے آپ چند منٹوں میں واپس زمین پر پہنچ جائیں گے۔

اس انوکھے اور حسین لاج میں وقت گزارنا زندگی کا شاندار تجربہ ہوسکتا ہے۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں