اتوار, نومبر 17, 2024
اشتہار

منافق نہیں ہوں، مجھے بھارت جانے کی کوئی ضرورت نہیں: سلمان احمد

اشتہار

حیرت انگیز

معروف گلوکار سلمان احمد نے لائن آف کنٹرول پر ہونے والی بھارتی جارحیت کے خلاف احتجاجاً بھارت میں اپنا کنسرٹ منسوخ کردیا۔

اپنے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ٹوئٹ کرتے ہوئے سلمان احمد کا کہنا تھا کہ انہوں نے بھارت کے شہر گوا میں ہونے والی ایک ثقافتی تقریب میں اپنی شرکت منسوخ کردی ہے۔

انہوں نے کہا کہ انہوں نے یہ قدم لائن آف کنٹرل پر بھارتی جارحیت اور اس کے باعث ہونے والی شہادتوں کے خلاف احتجاجاً اٹھایا ہے۔

- Advertisement -

ذرائع کے مطابق 15 دسمبر سے بھارت کے مختلف شہروں میں کنسرٹس منعقد ہونے تھے جن میں سلمان احمد کا کنسرٹ بھی شامل تھا۔

بعد ازاں اے آر وائی نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے سلمان احمد کا کہنا تھا کہ ایسا نہیں ہوسکتا کہ ایک طرف تو بھارت معصوم پاکستانیوں کو اپنے جنگی جنون کا نشانہ بنائے اور دوسری طرف وہ وہاں جا کر گانے گائیں۔ ’میں اس منافقت میں حصہ نہیں لے سکتا‘۔

انہوں نے کہا کہ میں ہمیشہ بھارت میں امن کا پیغام لے کر گیا ہوں، مجھ سمیت بہت سے فنکاروں کا بھارت جانے کا یہی مقصد ہوتا ہے لیکن ہمارے اس مقصد کو غلط سمجھا جاتا ہے۔ ’بھارتیوں کو لگتا ہے کہ ہم پیسہ کمانے وہاں آرہے ہیں‘۔

مزید پڑھیں: عمران خان کی حکومت آئی تو پاکستان آؤں گا، انیل کپور

سلمان احمد کا کہنا تھا کہ وہ بھارتی شہرت کے محتاج نہیں، الٹا انہیں وہاں بلانے والے ایونٹ کے منتظمین ان کے نام سے پیسہ کمانا چاہتے ہیں اسی لیے وہ انہیں اور دیگر پاکستانی فنکاروں کو بلاتے ہیں۔

انہوں نے دو ٹوک مؤقف اپناتے ہوئے کہا کہ جب تک بھارت میں مودی کی حکومت ہے وہ بھارت نہیں جائیں گے۔

سلمان احمد نے بتایا کہ جنون گروپ کی 25 ویں سالگرہ بھرپور انداز میں پاکستان ہی میں منائی جائے گی۔ ’اس کے لیے ہمیں بھارت جانے کی کوئی ضرورت نہیں ہے‘۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز بھارت نے لائن آف کنٹرول کی سنگین خلاف ورزی کرتے ہوئے وادی نیلم میں مسافر بس کو نشانہ بنایا تھا جس میں 9 افراد شہید ہوگئے تھے جبکہ بھارتی فائرنگ کا جواں مردی سے جواب دیتے ہوئے فوج کے 3 جوانوں نے بھی جام شہادت نوش کیا تھا۔

دو طرفہ فائرنگ کے تبادلے میں 7 بھارتی فوجی بھی مارے گئے تھے۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں