اتر پردیش : بھارت کے پستہ قد نوجوان کو دلہن مل گئی، اپنی شادی کیلئے در در جانے والے عظیم منصوری کو ریحانہ کے والدین نے رشتہ دینے کی حامی بھرلی۔
بھارتی ریاست اتر پردیش کے علاقے شاملی کے تین فٹ کے عظیم منصوری کی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد اب انہیں شادی کے لئے ایک رشتہ مل گیا ہے۔
اتر پردیش کے غازی آباد کی ڈھائی فٹ کی ریحانہ کے گھر والوں نے عظیم منصوری سے اپنی بیٹی کی شادی کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔
پستہ قد ریحانہ ڈھائی فٹ کی ہے، پچھلے دنوں عظیم منصوری کا ویڈیو وائرل ہونے کے بعد ان کے گھر ریحانہ کے والدین نے اپنی بیٹی کے لئے رشتہ بھیجا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ریحانہ کے ایک رشتہ دار نے سوشل میڈیا پر عظیم کی وائرل ویڈیو دیکھی جس میں انہوں نے خواتین تھانہ پہنچ کر اپنی شادی کرانے کی اپیل کی تھی، جس کے بعد انہوں نے اس بات کا ذکر ریحانہ کے والد سے کیا اور پھر بات آگے بڑھی۔
واضح رہے کہ گزشتہ دنوں عظیم اپنی شادی نہ ہونے کی فریاد لے کر وومن تھانے پہنچے تھے، 26 سالہ عظیم اس سے قبل بھی اتر پردیش کے کئی بڑے رہنماؤں سے مل کر اپنے لئے دلہن تلاش کرنے کی گزارش کر چکے ہیں لیکن ہمیشہ انہیں ناامیدی ہی ہاتھ لگتی تھی، اس کے لئے انہوں نے اپنے گھر والوں پر بھی الزام عائد کیا تھا۔
مزید پڑھیں : شادی نہ ہونے پر پستہ قد نوجوان کا انوکھا اقدام
یاد رہے کہ پچیس سالہ ریحانہ بھی ڈھائی فٹ کی ہیں اور وہ گھر کا بھی سارا کام کر لیتی ہیں، پستہ قد ہونے کی وجہ سے ریحانہ کے والدین ان کیلئے کافی پریشان تھے لیکن اب نہیں امید ہے کہ ان کی بیٹی کی شادی ہو جائے گی۔