بدھ, مئی 14, 2025
اشتہار

خاتون کے چہرے پر جلد کا سب سے چھوٹا لیکن مہلک کینسر دریافت

اشتہار

حیرت انگیز

اوریگون: امریکا میں ایک خاتون کے چہرے پر ماہرین امراض جِلد نے جِلد کا سب سے چھوٹا لیکن مہلک کینسر دریافت کر لیا، گنیز ورلڈ ریکارڈز نے بھی اسے تسلیم کر لیا ہے۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی ریاست اوریگون کی ہیلتھ اینڈ سائنس یونیورسٹی میں جِلدی امراض کے ماہرین کی ایک ٹیم نے کرسٹی اسٹاٹس نامی ایک خاتون کی آنکھ کے نیچے دنیا کے سب سے چھوٹے جلد کے کینسر کی نشان دہی کی ہے۔

کرسٹی اسٹاٹس کے بیان کے مطابق وہ اپنے گال پر ایک سرخ دھبے کی وجہ سے پریشان تھیں، جس کے لیے وہ ڈاکٹر کے پاس گئیں، لیکن ڈاکٹر نے بتایا کہ یہ بے ضرر ہے، جس پر انھوں نے سکون کا سانس لے لیا۔

تاہم، جب ماہرین امراض جلد نے انھیں چہرے کے معائنے کے دوران ایک اور لیکن بہت ہی چھوٹا دھبہ دیکھا تو انھیں تشویش لاحق ہو گئی، یہ بہت چھوٹا دھبہ تھا جس کی پیمائش صرف 0.65 ملی میٹر تھی اور یہ انسانی آنکھ سے تقریباً پوشیدہ تھا۔

اس کے بعد جدید ترین ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے ٹیم اس بات کی تصدیق کرنے میں کامیاب رہی کہ یہ نشان میلانوما کا تھا جو جلد کے کینسر کی سب سے خطرناک قسم ہے۔ ٹیم نے جِلد میں کوئی بھی چیز داخل کیے اور اسے کاٹے بغیر کینسر کا پتا چلایا۔

یکم مئی کو گنیز ورلڈ ریکارڈز کے ایک جج نے اس ٹیم کی دریافت کو تسلیم کرتے ہوئے ایک سرٹیفکیٹ سے نوازا۔

واضح رہے کہ میلانوما جلد کے کینسر کی ایک قسم ہے جو جسم کے دوسرے حصوں میں پھیل سکتا ہے، جلد کے کینسر کے کیسز میں اس کا امکان ایک فیصد ہے تاہم سب سے زیادہ اموات اسی کی وجہ سے ہوتی ہیں۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں