ہماری زندگی میں شامل بہت سی اشیا اسمارٹ ہوتی جارہی ہیں اور انہی میں اب ایک چشمہ بھی شامل ہوگیا ہے جسے کینیڈا کی ایک کمپنی نے تیار کیا ہے۔
یہ اسمارٹ گلاسز جنہیں فوکلز کا نام دیا گیا ہے اسمارٹ فون کا متبادل ثابت ہوسکتے ہیں۔ انہیں تیار کرنے کا مقصد بھی اسمارٹ فون کے استعمال کو کم سے کم کرنا ہے۔
یہ چشمہ آپ کے فون پر آنے والے نوٹیفیکیشنز ظاہر کرتا ہے جبکہ دیگر معلومات جیسے موسم، وقت، اور ٹریکنگ سے بھی آگاہ کرتا رہتا ہے۔ اس چشمے کے ذریعے بوقت ضرورت اوبر بھی بلوائی جاسکتی ہے۔
یہ چشمہ ایک چھوٹی سی انگوٹھی کے ذریعے کنٹرول ہوتا ہے جسے لوپ کہا جاتا ہے۔
اس چشمے کو تجرباتی طور پر استعمال کرنے والے افراد کا کہنا ہے کہ وہ عام طور پر بھی چشمہ استعمال کرتے ہیں تاہم ان اسمارٹ گلاسز کے استعمال کے بعد انہیں زیادہ تھکن اور آنکھوں پر زیاہ دباؤ محسوس ہوتا ہے جس کی وجہ یہ ہے کہ ہر کچھ دیر بعد ان کی آنکھوں کے سامنے مختلف معلومات آتی رہتی ہیں۔
اب کمپنی اس مسئلے کا سدباب کرنا چاہے گی یا اسے یوں ہی فروخت کے لیے پیش کردیا جائے گا، فی الحال یہ واضح نہیں۔ چشمے کی قیمت 600 ڈالر رکھی گئی ہے۔