اسلام آباد : معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کب تک رہے گا اس کے بارے میں کچھ نہیں کہا جا سکتا، اسمارٹ لاک ڈاؤن کی پالیسی ہمیشہ کیلئے نہیں چل سکتی۔
یہ بات انہوں نے اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی، انہوں نے کہا کہ اسمارٹ لاک ڈاؤن کی پالیسی بھی ہمیشہ کیلئے نہیں چل سکتی، اس پالیسی کو بھی بتدریج تبدیل کرنا ہوگا، ایسے لوگوں کی ضرورت ہے جو ایس اوپیز پر عملدرآمد میں کردار ادا کریں۔
ایک سوال کے جواب میں معوان خصوصی کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس کتنے عرصے تک رہے گا اور اس کا پھیلاؤ کتنا ہوگا اس کے بارے میں کچھ یقین سے نہیں کہا جاسکتا، جب تک پوری قوم مل کر احتیاطی تدابیر پر عمل نہیں کرتی تب تک ہم اس وبا کا مقابلہ نہیں کرسکتے۔
ڈاکٹر ظفر مرزانے کہا کہ ٹائیگرز فورس کے 17ہزار ایسے نوجوان ہیں جو طب کے شعبے سے بھی وابستہ ہیں، فورس میں 1800ایم بی بی ایس ڈاکٹرز بھی ہیں ان ہزاروں نوجوانوں کو اہم ذمہ داریاں دینا چاہتے ہیں،1800ڈاکٹرز میں سے بڑی تعداد ٹیلی ہیلتھ پلیٹ فارم پر کردار ادا کریں گے۔