لاہور: چیف سیکریٹری پنجاب کے اجلاس میں عید الاضحیٰ پر صوبے میں اسمارٹ لاک ڈاؤن کا فیصلہ کیا گیا جس کی وزیر اعلیٰ عثمان بزدار نے منظوری دے دی ہے۔
تفصیلات کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے عید الاضحیٰ پر صوبے میں اسمارٹ لاک ڈاؤن کی منظوری دے دی ہے، عید سے قبل اسمارٹ لاک ڈاؤن پیشگی اعلان کے بجائے اچانک ہوگا۔
ذرائع کے مطابق چیف سیکریٹری پنجاب کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ پنجاب میں بازار، مارکیٹس اور پلازے عید سے 2 تین روز قبل بند کردی جائیں گی۔
ذرائع چیف سیکریٹری کے مطابق کرونا وائرس سے بچاؤ کے لیے اسمارٹ لاک ڈاؤن مجبوری ہے، مارکٹیوں سے زیادہ عوام کی زندگی عزیز ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ عید الفطر سے قبل مارکیٹیں بند نہ کرنے سے وبا میں اضافہ ہوا تھا لہٰذا مذکورہ فیصلہ اسی کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے۔
حکومت کی جانب سے مویشی منڈیوں میں ایس او پیز اور سیکیورٹی انتظامات سخت کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، اسمارٹ لاک ڈاؤن کا نوٹیفکیشن کسی بھی وقت جاری ہو سکتا ہے۔
اجلاس میں محکمہ صحت پنجاب نے بھی عید سے قبل مارکیٹس بند کرنے کی تجویز دی تھی، تجویز میں کہا گیا تھا کہ منگل یا بدھ سے صوبے کی تمام مارکیٹس بند کردی جائیں۔
تجویز میں کہا گیا کہ مارکیٹس 2 اگست تک بند رکھی جائیں، صرف گروسری، فارمیسز اور بیکریوں سمیت ضروری اشیا کی دکانوں کو کام کی اجازت دی جائے۔