لاہور: صوبائی دارالحکومت لاہور سمیت پنجاب بھر کی جیلوں میں کرونا وائرس کی اسمارٹ سیمپلنگ کا فیصلہ کیا گیا ہے، کرونا کیسز کی تصدیق ہونے پر قیدیوں کو علیحدہ کر دیا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق لاہور سمیت پنجاب بھر کی جیلوں میں کرونا وائرس کی اسمارٹ سیمپلنگ کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ پہلے مرحلے میں 30 قیدیوں اور اسٹاف کے 10 افراد کی اسمارٹ سیمپلنگ کی جائے گی۔
انسپکٹر جنرل (آئی جی) جیل مرزا شاہد سلیم بیگ کا کہنا ہے کہ محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر قیدیوں اور اسٹاف کی اسمارٹ سیمپلنگ کرے گا، رواں ہفتے کے بعد اسمارٹ سیمپلنگ کا اگلہ مرحلہ شروع کیا جائے گا۔
مرزا شاہد سلیم بیگ کے مطابق اسمارٹ سیمپلنگ سے کرونا وائرس کے مریضوں کا پتہ چلایا جا سکے گا، کرونا کیسز کی تصدیق ہونے پر قیدیوں کو علیحدہ کر دیا جائے گا۔
خیال رہے کہ صوبہ پنجاب میں کرونا وائرس کے 487 نئے کیس سامنے آئے ہیں جس کے بعد پنجاب میں کرونا وائرس کے مصدقہ مریضوں کی تعداد 87 ہزار 43 ہوگئی ہے۔
پنجاب سمیت ملک بھر میں کرونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 2 لاکھ 51 ہزار 652 ہوچکی ہے، صرف 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں 2 ہزار 769 نئے کیسز سامنے آئے۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 69 اموات ہوئی ہیں جس کے بعد ملک میں مجموعی اموات کی تعداد 5 ہزار 266 ہوگئی۔