چنیوٹ: صوبہ پنجاب کے شہر چنیوٹ کے نوجوانوں نے نابینا افراد کے لیے اسمارٹ چھڑی تیار کرلی، اسمارٹ چھڑی نابینا افراد کے چلنے پھرنے اور دیگر کاموں کے دوران معاون ثابت ہوگی۔
تفصیلات کے مطابق صوبہ پنجاب کے شہر چنیوٹ کے نوجوانوں نے نابینا افراد کے لیے اسمارٹ چھڑی تیار کرلی، چھڑی راستے میں رکاوٹ یا پانی آنے پر آگاہ کرے گی۔
اسمارٹ چھڑی کے ہوتے ہوئے دوران حادثہ بٹن دبانے پر نابینا شخص کے 3 رشتے داروں کو اطلاع مل جائے گی۔
یہ اسمارٹ اسٹک یونیورسٹی آف لاہور سرگودھا کیمپس کے 3 طلبا نے تیار کی ہے، طلبا میں نوید احمد، ظافر اور غلام احمد شامل ہیں۔
نابینا افراد کے لیے دنیا بھر میں مختلف ٹیکنالوجیز پر کام کیا جارہا ہے، حال ہی میں ماہرین نے ایسی ڈیوائس تیار کی ہے جو نابینا افراد کی بینائی بحال کرسکتی ہے۔
آسٹریلیا کی موناش یونیورسٹی کے ماہرین نے ایک دہائی سے زائد عرصے تک کام کر کے اس ڈیوائس کو تیار کیا ہے جس میں اسمارٹ فون اسٹائل کے الیکٹرونکس اور دماغ میں نصب کرنے والی مائیکرو الیکٹروڈز کا امتزاج استعمال کیا گیا ہے۔
یہ نئی ٹیکنالوجی بصری اعصاب کو پہنچنے والے اس نقصان کو بائی پاس کر جاتی ہے جس کو اندھے پن کا باعث قرار دیا جاتا ہے۔