پیر, مئی 12, 2025
اشتہار

’’مسکراتے ہوئے ہاتھ ہلایا‘‘ ابراہیم رئیسی کی ہیلی کاپٹر کریش ہونے سے قبل آخری سرگرمی

اشتہار

حیرت انگیز

ہیلی کاپٹر حادثے میں اپنی جان گنوانے والے ایران کے صدر ابراہیم رئیسی کی آخری سرگرمی کیا تھی، اس حوالے سے رپورٹ سامنے آگئی۔

کئی بین الاقوامی خبر رساں اداروں نے ایرانی صدر کی تازہ ترین تصاویر شائع کی ہیں، حادثے سے قبل ابراہیم رئیسی کی آخری سرگرمی کا ان تصاویر اور ویڈیوز سے پتا چلتا ہے۔ تصاویر میں ان کے ساتھ آذربائیجان کے صدر الہام علی یوف بھی موجود ہیں۔ اتوار کو دونوں نے دریائے آراس پر ڈیم کا افتتاح کیا تھا۔

شائع کی گئی تصاویر میں ابراہیم رئیسی کو ایک ایرانی وفد کے ہمراہ ایران کے پڑوسی ملک آذربائیجان کے سرکاری دورے کے دوران دکھایا گیا ہے۔

یہ ہیلی کاپٹر حادثہ سے چند گھنٹے پہلے کے مناظر ہیں۔ ابراہیم رئیسی ایک تصویر میں مسکراتے ہوئے ہاتھ ہلاتے ہوئے دکھائی دیے۔ ساتھ ہی الہام علی یوف بھی ان کے ہمراہ خوشگوار موڈ میں ہیں۔

ابراہیم رئیسی اور الہام علی یوف ایک تصویر میں مصافحہ کرتے نظر آرہے ہیں جبکہ دیگر میں وہ مشترکہ ملاقاتوں میں ایک ساتھ نظر آئے۔ ابراہیم رئیسی اتوار کی صبح ایران کے مشرق میں واقع ملک آذربائیجان گئے تھے۔

خیال رہے کہ ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کے ہیلی کاپٹر حادثے کی اطلاعات کے بعد ان کے بارے میں غیر یقینی صورتحال تھی اور فوری طور پر ان کے جاں بحق ہونے کا پتا نہیں چل سکا تھا۔

صدر ابراہیم رئیسی کے ہیلی کاپٹر حادثے پر آرمی چیف کا اہم حکم (arynews.tv)

میڈیا ذرائع ہیلی کاپٹر تلاش کرنے کا دعویٰ کررہے تھے تو دوسری جانب ہلال احمر نے ان دعوؤں کی نفی کی تھی، بعد ازاں ایران کے نائب صدر برائے ایگزیکٹیو امور محسن منصوری نے بتایا تھا کہ ایرانی صدر کے وفد میں شامل دو افراد کا ریسکیو ٹیم سے رابطہ ہوا ہے۔

حادثے کا شکار ہونے والے ہیلی کاپٹر میں صدر رئيسی کے ساتھ ایرانی وزير خارجہ حسین امیرعبداللہیان، مشرقی آذر بائيجان کے گورنر مالک رحمتی اور ایرانی سپریم لیڈر کے ترجمان بھی سوار تھے۔

یہ بات قابل ذکر ہے کہ 2023 میں تہران میں آذربائیجان کے سفارت خانے پر مسلح حملے اور آذربائیجان اور اسرائیل کے درمیان سفارتی تعلقات قائم ہونے کے بعد سے دونوں ملکوں میں تعلقات میں سرد مہری کا شکار تھے، تاہم اس کے باوجود ایرانی صدر یہ دورہ کررہے تھے۔

واضح رہے کہ ایرانی حکام نے اعلان کیا تھا کہ صدر ابراہیم رئیسی اور وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان کو لے جانے والا ایک ہیلی کاپٹر اتوار کو آذربائیجان کے پہاڑی علاقوں میں گر کر تباہ ہو گیا تھا اور طیارے میں سوار تمام افراد ہلاک ہوگئے تھے۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں