کولمبو: آسٹریلو بیٹر اسٹیو اسمتھ سری لنکا کے خلاف جاری دوسرے ٹی ٹوئنٹی میں باؤنڈری بچاتے ہوئے حادثے کا شکار ہوگئے ہیں جس کے باعث ان کے قومی ٹیم کے ہمراہ دورہ پاکستان پر سوالیہ نشان لگ گیا ہے۔
کرکٹ آسٹریلیا کی جانب سے جاری بیان میں بتایا کہ سری لنکا کے خلاف دوسرے ٹی ٹوئنٹی کے آخری لمحات میں اسٹیو اسمتھ نے سری لنکن بیٹر مہیش تھیکشنا کے اونچے شاٹ کو روکنے کی کوشش کی، اس دوران ان کا سر ٹرف پر جا لگا اور انجرڈ ہوکر میدان میں گر پڑے۔
کرکٹ آسٹریلیا نے اپنے بیان میں بتایا کہ اسٹیو اسمتھ کو فوری طور پر طبی امداد دی گئی، اور ضروری ٹیسٹ کئے گئے، جس کے بعد ڈاکٹرز نے انہیں آرام کا مشورہ دیا، ڈاکٹرز کی ہدایات کو مد نظر رکھتے ہوئے اسٹیو اسمتھ سری لنکا کے خلاف بقیہ میچز سے دستبردار ہوگئے۔
کرکٹ حکام کا کہنا ہے کہ اسمتھ کو اگلے چند دنوں میں کم سطح کے کنکشن پروٹوکول کا نشانہ بنایا جائے گا اور امکان ہے کہ وہ ایک ہفتے کی مدت میں مکمل صحت یاب ہو جائیں گے۔
Hope Steve Smith is OK after this one. Superhuman effort cruely denied by a step on the rope. Concern obviously there for concussion, suffered a concussion with delayed symptoms in 2019 Ashes series #AUSvSL https://t.co/lQxYE6Y2ly
— NRL PHYSIO (@nrlphysio) February 13, 2022
واضح رہے کہ سری لنکا اور آسٹریلیا کے درمیان 5 میچوں پر مشتمل ٹی ٹوئنٹی سیریز آسٹریلیا میں کھیلی جارہی ہے، دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں آسٹریلیا نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد سپر اوورز میں سری لنکا کو شکست دی تھی۔
انجری کے باعث سوشل میڈیا پر چہ مگوئیاں شروع ہوگئیں تھی کہ اسٹیو دورہ پاکستان سے بھی دستبردار ہوگئے ہیں، جس پر کرکٹ آسٹریلیا نے واضح کیا کہ اسٹیو اسمتھ سری لنکا کے خلاف بقیہ میچوں کی سیریز سے باہر ہوگئے، لیکن وہ دورۂ پاکستان کے لیے دستیاب ہوں گے۔
یاد رہے کہ 24 برس بعد پاکستان کا دورہ کرنے والی آسٹریلوی ٹیسٹ ٹیم کی قیادت پیٹ کمنز کریں گے جبکہ اسٹیو اسمتھ نائب کپتانی کے فرائض سنبھالیں گے۔