دبئی: آئی سی سی کی جانب سے نئی ٹیسٹ رینکنگ جاری کی گئی ہے جس کے مطابق آسٹریلوی بلے باز اسٹیو اسمتھ نے دوسری پوزیشن سنبھال لی ہے۔
تفصیلات کے مطابق سابق آسٹریلوی کپتان اسٹیون اسمتھ نے ایک سال بعد ٹیسٹ کرکٹ میں شاندار کم بیک کیا ہے، ایجبسٹن ٹیسٹ میچ دو سنچریاں اور لارڈز ٹیسٹ میں 92 رنز کی اننگز نے انہیں آئی سی سی ٹیسٹ بیٹسمین رینکنگ میں دوسرے نمبر پر پہنچا دیا ہے۔
اسٹیو اسمتھ رینکنگ میں پہلے نمبر پر موجود بھارتی کپتان ویرات کوہلی سے صرف نو پوائنٹس پیچھے ہیں، پاکستانی بلے باز بابر اعظم کیریئر کی بہترین پوزیشن پر پہنچ گئے ہیں۔
کینگروز بلے بازوں میں ٹریوس ہیڈ 20ویں سے 18ویں اور مارنس لیشین 98 ویں سے 82 ویں نمبر پر براجمان ہیں، انگلینڈ کی جانب سے بین اسٹوکس 32ویں سے 26ویں، جونی بیرسٹو 37ویں سے 30ویں اور روری برنز 81ویں سے 64ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔
.@stevesmith49, @NathLyon421 move up in @MRFWorldwide ICC Test Player Rankings https://t.co/kfyEO9I7cr via @ICC
— ICC Media (@ICCMediaComms) August 6, 2019
آسٹریلوی بلے باز عثمان خواجہ اور ڈیوڈ وارنر کی تنزلی کے بعد پاکستان کے بابر اعظم ایک درجہ ترقی کے ساتھ کیریئر کی بہترین 17ویں پوزیشن پر آگئے ہیں۔
بولرز کی رینکنگ میں آسٹریلیا کے پیٹ کمنز نے پہلی پوزیشن مستحکم کرلی ہے جبکہ اپنے پہلے ٹیسٹ میچ میں 5 وکٹیں لینے والے جوفرا آرچر نے 83 ویں پوزیشن کے ساتھ ٹیسٹ رینکنگ میں جگہ بنالی ہے۔
آسٹریلوی بولرز مچل اسٹارک اور نیتھن لیون کی تنزلی کے سبب پاکستانی لیگ اسپنر یاسر شاہ 17ویں نمبر پر آگئے ہیں، محمد عباس بدستور آٹھویں پوزیشن پر موجود ہیں۔
واضح رہے کہ آسٹریلوی بلے باز اسٹیو اسمتھ لارڈز میں ہونے والے دوسرے ایشز ٹیسٹ میں جوفرا آرچر کا باؤنسر لگنے کے باعث زخمی ہوگئے تھے انہیں پہلی اننگز کے دوران باؤنسر لگا تھا، آئی سی سی کے نئے قانون کے مطابق مارنس لبوشین نے اسٹیو اسمتھ کے متبادل کے طور پر بیٹنگ کی تھی۔