اسلام آباد : کسٹم حکام نے کامیاب کارروائی کر کے بھارت سے اسمگل کیے جانے والے ٹماٹروں اور انگوروں سے بھرا ٹرک پکڑ لیا، ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد کے قریب برہان انٹرچینج پر کسٹم حکام نے کشمیر کے راستے بھارت سے اسمگل کیے گئے ٹماٹر،انگور،انار اور دوائیں اسلام آباد اور پنجاب لے جانے کی کوشش ناکام بنا دی۔
زبانی وفاداری کا دم بھرنے والے مال کے لئےغداری پر اتر آئے، پاکستان پر ٹماٹروں کی پابندی لگانے والا بھارت چوری چھپے کام دکھانے لگا لیکن کسٹم حکام نے اس کی امیدوں پرپانی پھیر دیا۔
اسلام آباد کے قریب برہان انٹرچینج پر بھارت سے آنے والے کروڑوں روپے کے ٹماٹر اور انگور پکڑ لیے گئے، ان ٹرکوں میں تیرہ ٹن ٹماٹر، بارہ سو پچاس کلو انگور شامل ہیں۔
مذکورہ کارروائی میں بھارتی دواؤں سے بھرا ٹرک بھی تحویل میں لے لیا گیا، کسٹم حکام کا کہنا ہے کہ سامان تین ٹرکوں میں کشمیر کے راستے اسلام آباد اور پنجاب لایا جا رہا تھا، اسمگلرفرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔
مزید پڑھیں: بھارتی میڈیا کی بدحواسی، پاکستان کو ٹماٹر فروخت نہ کرنے کے فیصلے کو بریکنگ نیوز بنا دیا
واضح رہے کہ پلوامہ حملے کے بعد بھارتی میڈیا کی بدحواسی عروج پر پہنچ گئی تھی، بھارتی ٹماٹر پاکستان کو فروخت نہ کرنے کے فیصلے کو بریکنگ نیوز بنا دیا۔
اپنی رپورٹ میں بتایا کہ بھارتی کسانوں نے اعلان کیا ہے کہ وہ پاکستان کو ٹماٹر برآمد نہیں کریں گے۔ اس خبر کو بھارتی میڈیا نے خوب اچھالا اور بھارت کی پاکستان کےخلاف بڑی کارروائی قرار دے کر شور مچانا شروع کر دیا، بھارتی میڈیا نے کہا کہ پاکستان ہمارے ٹماٹر کھا کر ہم پر حملہ کرتا ہے، اب پاکستان کو ٹماٹر دینےسے انکار کرتے ہیں۔