لاہور: محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ لاہور کے مختلف علاقوں میں ہلکی بارش کے بعد جہاں سردی کی شدت میں اضافہ ہوا، وہیں اسموگ میں بھی کمی واقع ہوئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں ہلکی بارش کے باعث سردی کی شدت بڑھ گئی اور فضا میں موجود اسموگ میں بھی کمی واقع ہوئی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق لاہورمیں آج صبح درجہ حرارت 16 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، آج شہر میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 24 ڈگری رہنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آج ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک جبکہ شمالی علاقوں میں موسم سرد رہنے کا امکان ہے۔
خیال رہے کہ رواں برس اسموگ پر قابو پانے کے لیے فصلوں کی باقیات، کچرا، ٹائر اور پولی تھین جلانے پر دفعہ 144 نافذ کی گئی جبکہ اینٹوں کے بھٹوں کو بھی چند ماہ کے لیے بند کیا گیا جو سموگ کی اہم وجہ ہیں۔
لاہور ہائی کورٹ نے دو روز قبل اسموگ سے نمٹنے کے لیے پنجاب حکومت کو ٹھوس اقدامات کرنے کا حکم دیا تھا۔ عدالت کا کہنا تھا کہ زگ زیگ ٹیکنالوجی استعمال نہ کرنے والے بھٹوں اور آلودگی کا باعث بننے والے صنعتی یونٹس کے خلاف کارروائی کی جائے۔