راولپنڈی: اینٹی نارکوٹکس فورس نے افغانستان سے پشاور، پنجاب اور سندھ منشیات اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بنا کر ملزم کو گرفتار کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق اینٹی نارکوٹکس فورس نے پشاور میں منشیات کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے پاکستان کے بڑے صوبوں میں اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بنا دی۔
ترجمان نے بتایا کہ پشاور میں چار سدہ روڈ کے قریب ملزم سے 6 کلو ہیروئن برآمد کیا گیا ، پشاور کا رہائشی ملزم مختلف شہروں میں منشیات کی اسمگلنگ میں ملوث تھا۔
ترجمان کے مطابق پوچھ گچھ پرگرفتار ملزم نے گھر میں مزید ہیروئن کی موجودگی کا انکشاف کیا، گرفتار ملزم کی نشاندہی پر اے این ایف کی ٹیم نے قریب واقع گھر پر چھاپہ مارا کارروائی کے دوران گھر کی بالائی منزل سے مزید 78 کلوگرام ہیروئن برآمد ہوا۔
اےاین ایف ترجمان کا کہنا ہے کہ مجموعی طور پر 84 کلو ہیروئن برآمد کی گئی، مذکورہ گھر ملزم کی جانب سے منشیات ذخیرہ کرنے کیلئے استعمال کیا جاتا تھا، ملزم کے خلاف انسداد منشیات ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیا۔