کراچی : انفورسمنٹ کلکٹریٹ نے کراچی میں گوداموں سے اسمگل شدہ ہیوی بائیکس اور نان کسٹمز پیڈ گاڑیاں ضبط کرلیں۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں انفورسمنٹ کلکٹریٹ نے اسمگلنگ کے خلاف بڑا آپریشن کرتے ہوئے اسمگل شدہ ہیوی موٹرسائیکلیں اور نان کسٹمز پیڈ گاڑیاں ضبط کر کے کسٹمز ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا۔
ایڈیشنل کلکٹر انفورسمنٹ باسط حسین نے بتایا کہ خفیہ اطلاع پر کراچی کے مختلف علاقوں میں کارروائیاں کی گئیں، جس مین صدر کراچی اور ڈی ایچ اے میں قائم دو گوداموں سے اسمگل شدہ دس کروڑ چھہتر لاکھ روپے مالیت کی سینتیس ہیوی موٹر سائیکلیں برآمد کرلیں۔
دوسری کارروائی میں ملیر سے چھبیس کروڑچالیس لاکھ روپے مالیت کی اکیس نان کسٹمز پیڈ گاڑیاں برآمد کر لیں۔
ڈپٹی کلکٹر اینٹی اسمگلنگ محمد رضا نقوی کے مطابق برآمد شدہ موٹر سائیکلز اور گاڑیوں کو ضبط کر کے کسٹمز گودام منتقل کردی ہیں ۔
انھوں نے بتایا کہ کسٹم ایکٹ کی متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ درج کرکے مزید تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے۔