اتوار, ستمبر 8, 2024
اشتہار

سانپ کے 7 بار کاٹنے پر شہری پیشگوئی کے مطابق صحت یاب، ڈاکٹر حیران

اشتہار

حیرت انگیز

بھارتی ریاست اترپردیش میں سانپ کے کاٹے کا ایک ایسا عجیب اور حیرت انگیز کیس سامنے آیا ہے جس نے لوگوں اور ڈاکٹروں کو ششدر کر دیا ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق اترپردیش کے شہر فتح پور میں 24 سالہ وکاس دوبے نامی شہری کو صرف 40 دنوں کے اندر سانپ نے 7 بار کاٹ لیا ہے، اور سانپ صرف ہفتے کے دن اسے کاٹتا ہے، جس کے بعد اس کی حالت غیر ہو جاتی ہے تاہم پیش گوئی کے مطابق طبی امداد سے وہ تیزی سے صحت یاب ہو جاتا ہے۔

نوجوان کو جب سانپ نے کاٹنا شروع کیا تو ہر بار کے واقعے کے بعد اس کے والدین کی تشویش بڑھتی گئی، اور معاملہ پراسرار ہوتا گیا، کاٹنے سے وکاس دوبے کی حالت سنگین ہو جاتی ہے لیکن وہ معجزانہ طور پر جلد ہی ٹھیک ہو جاتا ہے۔

- Advertisement -

فتح پور کے سورا گاؤں کے رہائشی وکاس دوبے کو پہلی بار سانپ نے اس وقت کاٹا جب وہ اپنے چچا کے گھر پر تھا، اس کے بعد سے ناقابل فہم واقعات کا ایک سلسلہ شروع ہو گیا، اور 2 جون اور 6 جولائی کے درمیان وہ مزید 6 سانپوں کا شکار ہوا۔

دوبے کے گھر والے سخت تشویش میں اس لیے مبتلا ہیں کہ دوبے نے پیش گوئی کی تھی کہ اسے 9 بار کاٹا جائے گا، اور صرف آٹھویں کاٹنے تک وہ زندہ رہے گا، اگر اسے نویں بار کاٹا گیا تو کوئی ڈاکٹر، پجاری یا تانترک اسے نہیں بچا پائے گا۔

دوبے کو جب سانپ نے چوتھی بار کاٹا تو گھر والوں نے کہا کہ وہ کہیں اور چلا جائے، اس لیے اس نے خالہ کے گھر میں پناہ لے لی، لیکن سانپ نے وہاں بھی اسے کاٹ لیا، 6 جولائی کو ساتویں بار کاٹنے کے بعد جب دوبے کی حالت بگڑ گئی تو اس کے والدین اسے ایک بار پھر اسپتال لے گئے، اور علاج سے دوبے جلد ہی صحت یاب ہو گیا۔

لیکن اس کے بعد ان واقعات نے لوگوں کو سخت تشویش میں مبتلا کر دیا ہے، اور اس بات پر ایک سوالیہ نشان لگ گیا ہے کہ کیا واقعی وکاس کی زندگی میں پراسرار قوتیں دخل دے رہی ہیں؟

علاقے کے چیف میڈیکل آفیسر راجیو نین گری نے اس واقعے پر رد عمل میں کہا کہ ’’متاثرہ شہری نے حکام سے مالی مدد کی درخواست کی ہے، وہ کلکٹریٹ آیا اور رونے لگا کہ اس نے سانپ کے کاٹے کے علاج کے لیے کافی رقم خرچ کی ہے، اس لیے مالی مدد کی جائے، میں نے اسے مشورہ دیا کہ وہ سرکاری اسپتال میں جائیں جہاں وہ سانپ کے کاٹے کا علاج مفت حاصل کر سکتا ہے۔‘‘

انھوں نے مزید کہا یہ بڑی عجیب بات ہے کہ ہر ہفتہ کے دن ایک شخص کو سانپ کاٹتا ہے۔ ہمیں ابھی بھی یہ جاننے کی ضرورت ہے کہ آیا یہ واقعی ایک سانپ ہے جو اسے کاٹ رہا ہے۔ ہمیں اس ڈاکٹر کی اہلیت کو بھی دیکھنا ہوگا جو اس کا علاج کر رہا ہے۔ ایک شخص کو ہر ہفتہ کو سانپ کاٹتا ہے اور وہ شخص ہر بار اسی اسپتال میں داخل ہوتا ہے، اور صرف ایک دن میں صحت یاب ہو جاتا ہے، یہ سب عجیب ہے۔‘‘

چیف میڈیکل آفیسر کے مطابق انھوں نے اس معاملے کی تحقیقات کے لیے 3 ڈاکٹروں کی ٹیم تشکیل دے دی ہے، جو جلد ہی رپورٹ پیش کرے گی، اور حقیقت سامنے آ جائے گی۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں