فرید الحق حقی
اسنیپر فیملی کی مچھلیاں اپنے لذیذ ذائقے، خوب صورت بناوٹ، شوخ رنگوں اور تجارتی اہمیت کے باعث دنیا بھر میں اہم مقام رکھتی ہیں۔ ان میں مرکری کی سطح بھی کم ہوتی ہے، یہ وٹامنز، پروٹینز، اور اومیگا 3 سے بھی پھرپور ہوتی ہیں۔ ان ہی خصوصیات کے باعث انھیں دنیا بھر میں مہنگی قیمتوں کے باوجود بھی بہت ہی زیادہ پسند کیا جاتا ہے اور خریدا جاتا ہے۔
اسنیپر فیملی کا تعلق Lutjanidae خاندان سے ہے اور اب تک ان کی دنیا بھر میں 113 نسلوں کی شناخت کی جا چکی ہے۔ امریکن فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن (ایف ڈی اے) کے مطابق اسنیپر میں مرکری لیول 0.166ppm ہے، جو کہ کم ہے۔ یاد رہے کہ ایف ڈی اے نے اسنیپر فیملی کی الگ الگ نسلوں کی مرکری سطح کی بجائے صرف Snapper کے نام سے ریکارڈ درج کیا ہے۔
اسنیپرز کی بناوٹ اور رنگوں کے امتزاج میں یکسانیت کے باعث ان کے درمیان کافی مماثلتیں پائی جاتی ہیں، جن سے ان کی پہچان میں پیچیدگیاں پیدا ہوئی ہیں۔ اس مضمون میں ان ہی پیچیدگیوں کا تذکرہ کیا جا رہا ہے تاکہ ان کی پہچان میں کوئی مشکل پیش نہ آئے، ساتھ ہی ساتھ آخر میں کچھ سمندروں کا محل وقوع بھی دیا جا رہا ہے تا کہ ان کا مسکن بھی آسانی سے سمجھا جا سکے۔
پاکستان میں اسنیپر کی کئی اقسام پائی جاتی ہیں، یہاں صرف ان چند کا تذکرہ کیا جا رہا ہے جو کراچی فشری میں سال بھر نظر آتی ہیں اور عوام میں مقبول ہیں۔
ہیرا مچھلی
پاکستان میں اسنیپر فیملی میں سب سے مشہور، ذائقے دار اور نرم گوشت والی مچھلی ہیرا مچھلی ہے۔ اسے انگلش میں گولڈن اسنیپر کہتے ہیں، جب کہ اس کا سائنسی نام Lutjanus johnii ہے۔ یہ John’s snapper اور Finger Mark کے نام سے بھی مشہور ہے۔ یہ وزن میں تقریباً 11 کلو تک اور عمر میں 10 سے 15 سال تک جی سکتی ہے۔
فش بیس نامی گلوبل انفارمیشن سسٹم کے مطابق اس کا مسکن ہند بحرالکاہل (Indo-Pacific)، بحیرہ احمر (red sea)، خلیج فارس (Persian Gulf)، مشرقی افریقہ سے فجی، سامووا، شمال میں Ryukyu جزائر اور جنوب میں آسٹریلیا تک ہے۔ اسے پاکستان میں Red Snapper پکارا جاتا ہے حالاں کہ ریڈ اسنیپر پاکستان میں پائی ہی نہیں جاتی ہے۔
ریڈ اسنیپر کا اصل نام Northern red snapper ہے لیکن یہ صرف ریڈ اسنیپر کے نام سے مشہور ہے، اس کا مسکن مغربی بحر اوقیانوس، بحیرہ کیریبین اور خلیج میکسیکو ہے۔ یہ وزن میں 23 کلو تک اور عمر میں 57 سال تک جی سکتی ہیں۔ یہ مکمل طور پر لال رنگ کی ہوتی ہیں، جب کہ ہیرا مچھلی مجموعی طور پیلی نظر آتی ہے، اس کے بدن پر چھوٹے چھوٹے گہرے بھورے یا ہلکے کالے دھبوں کی قطاریں ہوتی ہیں، یہ دھبے پیٹ کے اوپری حصے سے شروع ہوتے ہیں اور پیٹ کے نچلے حصے تک آتے آتے ہلکے ہو کر غائب ہونے لگتے ہیں۔ اس کی پیٹھ پر دم کے قریب بھی ایک کالا دھبا ہوتا ہے۔
دونوں مچھلیوں میں کافی جسمانی فرق اور مسکن بالکل الگ الگ ہونے کے باوجود بھی اسے ریڈ اسنیپر کہا جاتا ہے۔
کنرچہ
کنرچہ کو انگلش میں Mangrove Jack کہتے ہیں۔ یہ وزن میں 9 کلو تک اور عمر میں 31 سال تک جی سکتی ہے۔ اس کا اور ہیرا مچھلی کا مسکن ایک ہی ہے۔
مینگروز (تیمر) کے جنگلات کے کنرچہ کا رنگ عام طور پر پیٹھ پر سبز بھورا، سرخی مائل جب کہ گہرے پانیوں کے کنرچے کا رنگ لال، سرخی مائل ہوتا ہے۔ اسی لال سرخی مائل رنگ کی وجہ اسے بھی ریڈ اسنیپر کہا جاتا ہے جو پاکستان میں پائی ہی نہیں جاتی، اور جس کا تذکرہ اوپر کیا جا چکا ہے۔ کنرچہ کو مینگرو ریڈ اسنیپر بھی کہا جاتا ہے۔
چھایا مچھلی
چھایا مچھلی کو انگلش میں Blubberlip اسنیپر کہتے ہیں، یہ وزن میں 11 کلو تک اور عمر میں 20 سال تک جی سکتی ہے۔ اس کا رنگ زیتونی سبز سے بھورا ہوتا ہے، جسم پر چھوٹے چھوٹے ابھرے ہوئے دھبے ہوتے ہیں جو بدن پر ہاتھ لگانے پر محسوس ہوتے ہیں۔ سر اور گالوں پر نیلے رنگ کی لکیریں یا دھبے ہوتے ہیں، خاص طور پر آنکھوں کے گرد اور گلپھڑوں کے کور پر، ہونٹ موٹے اور اکثر سرخی مائل یا گلابی ہوتے ہیں۔ کمر اور دم کے پنکھوں پر سرخی مائل یا زرد رنگت ہو سکتی ہے، جب کہ چھاتی کے پنکھ پر پیلا رنگ، سر اور منہ بڑا ہوتا ہے۔
اس کا مسکن ہند-بحرالکاہل، مشرقی افریقہ سے تاہیٹی، شمال سے جنوبی جاپان، اور جنوب میں آسٹریلیا تک ہے۔
پیلی ٹیکسی
پیلی ٹیکسی کو انگلش میں Bigeye Snapper کہتے ہیں، جب کہ اس کا سائنسی نام Lutjanus Lutjanus ہے۔ یہ وزن میں 1 کلو تک بڑھ سکتی ہے لیکن عام طور 400 گرام تک نظر آتی ہے، اور یہ عمر میں 11 سال تک جی سکتی ہے۔ پیٹ کا اوپری حصہ ہلکا گلابی اور پیٹھ سلوری ہوتی ہے، جس پر پیلے رنگ کی پٹیاں ہوتی ہیں۔ ان پیلی پٹیوں کی وجہ سے یہ پیلی نظر آتی ہے۔ پنکھ زرد اور سرخی مائل ہوتے ہیں، سر اور آنکھیں بڑی ہوتی ہیں۔
اس کا مسکن انڈو-ویسٹ پیسیفک، مشرقی افریقہ سے جزائر سلیمان، شمال سے جنوبی جاپان، اور جنوب میں آسٹریلیا تک ہے، یہ زیادہ تر مچھلیاں پکڑنے کے لیے چارے کے طور پر استعمال ہوتی ہے۔
لال پری
لال پری کو انگلش میں Crimson snapper کہتے ہیں، یہ گہرے سرخ رنگ کی ہوتی ہے۔ اس کا مسکن ہند-مغربی بحرالکاہل، خلیج فارس، خلیج عمان سے فجی، شمال سے جنوبی جاپان اور جیجو جزیرہ کوریا، جنوب سے نیو ساؤتھ ویلز آسٹریلیا اور نیو کیلیڈونیا تک ہے۔ یہ عمر میں 8 سال تک اور وزن میں 5 سے 10 کلو تک بڑھ سکتی ہے۔
پوتہ مچھلی
اسے انگریزی میں Malabar blood snapper کہتے ہیں۔ اس کا رنگ گہرے سرخ سے سرخ گلابی ہوتا ہے، جب کہ پیٹ اکثر ہلکا گلابی ہوتا ہے۔ تمام پنکھ جسم کی طرح سرخ ہوتے ہیں اور پنکھوں کے کنارے قدرے گہرے دکھائی دے سکتے ہیں۔ ان کا منہ قدرے نوک دار اور نچلا جبڑا قدرے پھیلا ہوا ہوتا ہے، جو شکار کو پکڑنے کے لیے تیز مخروطی دانتوں سے لیس ہوتا ہے۔
اس کا مسکن ہند-مغربی بحرالکاہل، خلیج فارس، بحیرہ عرب سے فجی، شمال سے جنوبی جاپان اور جنوب سے آسٹریلیا تک ہے۔ یہ وزن میں 8 کلو تک اور عمر میں 31 سال تک جی سکتی ہے۔
ہمپ بیک ریڈ اسنیپر
Humpback red snapper وزن میں 3 کلو تک اور عمر میں 18 سال تک جی سکتی ہے۔ یہ سرخی مائل گلابی ہوتی ہے، اکثر پیٹھ کے اوپری حصے پر پیتل یا زیتونی چمک ہوتی ہے، جب کہ پیٹ کا حصہ سلوری سے سفید ہوتا ہے۔ پنکھ سرخی مائل، جب کہ چھاتی کے پنکھ لمبے اور نوکیلے ہوتے ہیں، کچھ کے دموں پر کالے دھبے ہو سکتے ہیں۔
سر بڑا ہوتا ہے، منہ میں دانت ہوتے ہیں اور اس کی کمر کوبڑ کی جیسی ہوتی ہے، یہ کوبڑ سر کے پیچھے سے شروع ہوتی ہے ایک کھڑی محراب والی پشت بناتی ہے جو دم کی طرف ڈھلوان ہو جاتی ہے۔ اس کا مسکن انڈو پیسیفک، بحیرہ احمر، مشرقی افریقہ، شمال سے جنوبی جاپان، اور جنوب سے آسٹریلیا تک ہے۔
دوغلا ہیرا یا لائنر ہیرا
اسے انگلش میں Dory Snapper کہتے ہیں، جب کہ اس کا سائنسی نام Lutjanus fulviflamma ہے۔ یہ وزن میں 2 سے 3 کلو تک اور عمر میں 23 سال بڑھ سکتی ہے۔
اس کے پیٹھ اور اوپری اطراف کا رنگ بھورا، نچلے اطراف سفید یا ہلکے بھورے اور پیٹ سفید سے پیلے، عام طور پر اطراف میں 6 سے 7 پیلے رنگ کی پٹیوں کی قطاریں اور پس منظر کی لکیر (Lateral line) کی سطح پر ایک نمایاں سیاہ دھبہ، جو ڈورسل فن کے نرم حصے کے پچھلے حصے کے نیچے کی طرف ہوتا ہے۔ اس کا مسکن ہند-بحرالکاہل، بحیرہ احمر، خلیج فارس، مشرقی افریقہ سے ساموا، شمال میں ریوکیو جزائر، جنوب میں آسٹریلیا تک ہے۔
دوغلے ہیرے کے جیسی پاکستان میں کئی نسلیں پائی جاتی ہیں اور سب کی ہی غلط شناخت کی جاتی ہے، ان سب نسلوں کو Lane Snapper کہا جاتا ہے جب کہ لین اسنیپر پاکستان میں پائی ہی نہیں جاتی۔
لین اسنیپر اسی کی طرح نظر آنے والی ایک اور مچھلی ہے، جس کا سائنسی نام Lutjanus synagris ہے اور اس کا مسکن مغربی بحر اوقیانوس، برمودا اور شمالی کیرولائنا، امریکا سے جنوب مشرقی برازیل، بشمول خلیج میکسیکو، بحیرہ کیریبین، پاناما اور جنوبی امریکا کے شمالی ساحلوں تک ہے۔ یہ وزن میں 4 کلو تک اور عمر میں 10 سال جی سکتی ہے۔
کالے دھبے والی اسنیپر
اسے انگلش میں Black Spot snapper کہتے ہیں، جب کہ اس کا سائنسی نام Lutjanus ehrenbergii ہے۔ یہ وزن میں 2 کلو تک اور عمر میں 10 سال تک جی سکتی ہے۔ اس کی کمر اور اوپری اطراف کا رنگ گہرا بھورا، نیچے کی طرف اور پیٹ کا رنگ سلوری چمک کے ساتھ سفیدی مائل، عام طور پر لیٹرل لائن کے نیچے اطراف میں 4 سے 5 تنگ پیلے رنگ کی پٹیوں کی قطاریں، ڈورسل فن کے پچھلے حصے کے نیچے پیٹھ پر ایک سیاہ دھبا ہوتا ہے۔
اس کا مسکن ہند-مغربی بحرالکاہل، بحیرہ احمر اور مشرقی افریقہ سے سلیمان اور ماریانا جزائر تک ہے۔
پانچ لکیروں والی اسنیپر
اسے five-lined snapper کہتے ہیں، یہ وزن میں 3 کلو تک اور عمر میں 31 سال تک جی سکتی ہے۔ اس کا رنگ عام طور پر پنکھوں سمیت چمک دار پیلا، اطراف میں 5 نیلی پٹیوں کی قطاریں، پچھلے حصے کے سب سے نرم ڈورسل فنز کے نیچے ایک گول سیاہ دھبا، آنکھ کے سائز یا اس سے بڑا، جو پیٹھ پر پس منظر کی لکیر (lateral line) کو چھوتی ہے، لیکن زیادہ تر اس کے اوپر ہوتی ہے۔ اس کا مسکن ہند-مغربی بحرالکاہل، خلیج فارس، خلیج عمان سے فجی، شمال سے جنوبی جاپان تک ہے۔
رسلز اسنیپر
Russell’s snapper کا رنگ عام طور پر سلوری چمک کے ساتھ گلابی سے سفید ہوتا ہے۔ ایک سیاہ دھبا، بنیادی طور پر پس منظر کی لکیر (lateral line) کے اوپر، نرم ڈورسل فنز کے اگلے کانٹوں کے نیچے (بحر ہند کی بالغ مچھلیوں کی پیٹھ پر عام طور پر 7 سے 8 تنگ سنہری بھوری پٹیاں ہوتی ہیں) بالغوں کی سفید رنگ کے ساتھ پیٹھ پر سیاہ دھاریاں ہوتی ہیں۔ ان کے کمر کے اوپری حصے پر ایک گول سیاہ دھبا ہوتا ہے۔
ان کا مسکن ہند-بحرالکاہل ہے اور یہ عمر میں 10 سے 15 سال تک اور وزن میں 2 سے 3 کلو تک بڑھ سکتی ہیں۔