چترال : وادی کیلاش میں برفانی تودا گر نے سے12افراد دب گئے، تمام افراد کو زندہ نکال لیا گیا، واقعے میں 2افراد زخمی ہوئے، ملک کے بالائی علاقوں میں شدید برفباری کے بعد بجلی اور گیس کی فراہمی معطل ہوگئی۔
تفصیلات کے مطابق ملک کے بالائی علاقوں میں برفباری کے بعد بجلی اور گیس کی عدم فراہمی اور کئی مقامات پر لینڈ سلائیڈنگ سے راستے بند ہونے کے باعث علاقہ مکینوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔
لواری ٹنل بند ہونے سے شاہراہ پر گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں، عوام نے حکومت سے فوری طور پر امدادی سرگرمیاں تیز کرنے کی اپیل کی ہے،ملک کے بالائی علاقوں میں برفباری کے بعد پہاڑ برف سے ڈھک گئے، معمولات زندگی نے مشکلات کا کمبل اوڑھ لیا۔
بجلی غائب، گیس بند، راستے برف سے اٹ گئے، بالائی علاقوں میں رنگین موسم مشکلات بھی ساتھ لے آیا، چترال میں وادی کیلاش کے علاقے شیخان دے میں برفانی تودا گر گیا برفانی تودے تلے12افراد دب گئے، مقامی لوگوں نے فوری طور پر امدادی کارروائی کرتے ہوئے تمام افراد کو نکال لیا، واقعے میں 2افراد زخمی ہوگئے۔
اس کے علاوہ گلگت بلتستان کے ضلع دیامر کے پہاڑوں نے بھی سفید چادر اوڑھ لی، بٹوگاہ ٹاپ، بابوسر، نیاٹ ویلی، فیری میڈوز میں مسلسل برفباری سے راستے بند، لوگ محصور ہوکر رہ گئے، لواری ٹنل بند ہونے سے گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔
کوہستان، استور، اسکردو کے باسی بھی راستے بند ہونے اور سہولتیں نہ ملنے کے سبب اذیت سے دوچار ہیں، برفباری کا سلسلہ جاری رہنے سے لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ بھی بڑھ گیا، انتظامیہ نے شاہراہ ریشم پر سفر کرنے والوں کو وارننگ جاری کر دی ہے۔
عوام نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر امدادی سرگرمیاں تیز کی جائیں تاکہ ان کے معمولات بحال ہوسکیں۔