کراچی: ملک بھر میں مون سون کی بارشیں اور برف باری جاری ہے، بابوسر ٹاپ پر شدید برف باری ہو رہی ہے، اور وہاں اب تک 7 انچ تک برف پڑ چکی ہے۔
تفصیلات کے مطابق بالائی علاقوں میں بارش، اور پہاڑوں پر برف باری سے جہاں ایک طرف سردی بڑھ گئی ہے، وہاں موسم سہانا ہونے کے باعث قدرت کے حسین مناظر سے سیاح بھی لطف اندوز ہونے لگے ہیں۔
چلاس اور اس کے مضافات میں 2 روز سے بارش جب کہ پہاڑوں پر برف باری جاری ہے، بابوسر ٹاپ پر شدید برف باری کی وجہ سے درجۂ حرارت نقطۂ انجماد سے نیچے گر گیا ہے، جون کے مہینے میں درجۂ حرارت منفی 4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
چلاس:
سخت بارش اور برف باری کی وجہ سے عارضی طور پر بند شاہراہ بابوسر کو موسم کی صورت حال بہتر ہوتے ہی ہر قسم کی ٹریفک کیلئے دوبارہ کھول دیا گیا۔
الصبح بابوسر ٹاپ پر برفباری اور سخت موسمی حالات کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ دیامر نے بابوسر روڈ پر آمد و رفت روک دی تھی۔بابوسر ٹاپ… pic.twitter.com/NSRamzUfk8— Office of the Chief Secretary, Gilgit Baltistan (@csgbpk) June 21, 2022
سیاحتی مقامات نانگا پربت، فیئری میڈووز اور بٹوگاہ ٹاپ، دیامر، داریل، تانگیر، ہڈور، تھور، کھنیر، گوہر آباد و دیگر مقامات پر بارش کا سلسلہ جاری ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ گلگت بلتستان میں مون سون بارشوں کا سلسلہ 48 گھنٹوں تک جاری رہنے کا امکان ہے۔
ادھر کمشنر دیامر نے تمام محکموں کو ہدایات اور احتیاطی تدابیر کے لیے الرٹ جاری کر دیا، انھوں نے کہا کہ پہاڑی علاقوں اور شاہراہ قراقرم پر لینڈ سلائڈنگ کا خدشہ ہے۔
کمشنر دیامر احمد ملک نے کہا کہ مسافر اور سیاح غیر ضروری سفر سے اجتناب کریں، شدید برف باری کے باعث بابوسر شاہراہ بندکر دی گئی ہے، بابوسر ناران شاہراہ بند کی جا چکی ہے، بابوسر ٹاپ پر برف باری سے گاڑیوں کی پھسلن کے خطرات ہیں۔