کوئٹہ / چلاس : بابو سر ٹاپ اور نانگا پربت سمیت بالائی علاقوں میں شدید برفباری کے بعد روئی کے گالوں سے برف پوش وادیوں کا حسن مزید نکھرگیا، شمالی بلوچستان میں خشک سردی کی شدید لہر جاری ہے۔
ملک کے بالائی علاقے برف سے ڈھک گئے،سردی بڑھ گئی مانسہرہ کے بالائی علاقوں میں برف کی چادربچھ گئی شانگلہ میں برفباری سے بشام سوات روڈ پرٹریفک معطل ہوگیا، گلگت بلتستان کے ضلع دیامر میں بھی برف ہی برف اسکردو میں پارہ منفی7استورمیں منفی6تک گرگیا
محکمہ موسمیات کی پیش گوئی میں کہا گیا ہے کہ کوئٹہ، زیارت، چمن اور گردونواح میں بارش کا امکان ہے، برفباری کے بعد پہاڑ برف سے ڈھک گئے اور راستے برف سے اٹ گئے، مانسہرہ میں ہرسو سفیدی نظر آرہی ہے، آسمان سے گرتے روئی کے گالوں نے ہر منظر دلکش بنادیا۔
چاروں طرف بچھی سفید چادرسے قدرتی حسن نکھر گیا۔ وادی شانگلہ میں بھی کوہساروں نے آسمان سے گرتے روئی کے گالے اپنے دامن میں سمیٹ لئے، شدید برفباری سے بشام سوات روڈ پر ٹریفک معطل ہوگیا۔
دیامر کے بالائی علاقوں میں وقفے وقفے سے برف باری کا سلسلہ جاری ہے۔بابوسر ٹاپ پر رات سے اب تک 5 فٹ تک برف پڑ چکی ہے جب کہ نانگا پربت اور بٹوگاہ ٹاپ سمیت دیگر پہاڑوں پر بھی برفباری کا سلسلہ جاری ہے۔
اسکردو اور مضافات میں بھی موسم ابر آلود ہے جب کہ بالائی علاقوں میں وقفے وقفے سے برفباری ہو رہی ہے جس کے بعد اسکردو کا درجہ حرارت منفی 6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
دوسری جانب نیلم آزاد کشمیر میں اٹھ مقام، گریس، کیل اور شاردہ میں برفباری ہوئی جب کہ کنڈل شاہی، باڑیاں اور جورا میں بارش جاری ہے۔
اس کے علاوہ گلگت بلتستان میں بھی برف نے پہاڑوں اور راستوں کو ڈھانپ لیا ہے۔ اسکردو میں پارہ منفی سات، استور میں منفی چھ تک گرگیا۔ شمالی بلوچستان میں خشک سردی کی شدید لہربرقرار ہے۔ کوئٹہ میں درجہ حرارت منفی ایک،قلات اورزیارت میں منفی چھ ریکارڈ کیا گیا۔