لاہور : سوشل میڈیا پر منفی پروپیگنڈا کرنے والوں کی شامت آگئی، مریم نواز اور اداروں کیخلاف پوسٹ کرنے پر پیکا ایکٹ کے تحت تین مقدمات درج کرلیے گئے۔
اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوز اور ریاستی اداروں کے خلاف سوشل میڈیا پر کیے جانے والے منفی پروپیگنڈے کے معاملے پر پولیس نے مختلف ملزمان کے خلاف تین مقدمات درج کرلیے۔
پولیس کی جانب سے درج ایف آئی آر کے مطابق مذکورہ مقدمات میں پیکا ایکٹ سمیت دیگر سنگین دفعات شامل کی گئی ہیں۔
مذکورہ ایف آئی آر میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ ملزمان نے آرٹیفیشل انٹیلی جینس (اے آئی) کے ذریعے وزیراعلیٰ پنجاب کی مضحکہ خیز اور توہین آمیز ویڈیوز بنائیں اور سوشل میڈیا پر وائرل کیں۔
ملزمان کے خلاف درج کی گئی ایف آئی آر کے متن میں کہا گیا ہے کہ ملک دشمن عناصر کے ایجنڈے کو فروغ دینے کیلئے ویڈیوز بنائی گئیں۔
ایف آئی آر کے مطابق مخصوص جماعت نے سوشل میڈیا پر جعلی ویڈیوز بنا کر انتشار پھیلانے کی سازش کی ہے، لاہور پولیس نے شاہدرہ ٹاؤن اور کوٹ لکھپت میں مقدمات کا اندراج کیا ہے۔