رواں سال کا پہلا سورج گرہن 10 جون کو ہوگا تاہم یہ پاکستان میں نہیں دیکھا جاسکے گا۔
ماہر فلکیات اور ڈائریکٹر انسٹیٹیوٹ آف اسپیس سائنس اینڈ ٹیکنالوجی جامعہ کراچی پروفیسر ڈاکٹر جاوید اقبال کے مطابق سورج گرہن روس، گرین لینڈ، شمالی کینیڈا، شمالی ایشیا، یورپ اور امریکا میں دیکھا جاسکے گا۔
ڈاکٹر جاوید اقبال کا کہنا ہے کہ سورج گرہن پاکستانی وقت کے مطابق دوپہر 1 بجکر 12 منٹ پر ہوگا، 3 بجکر 42 منٹ پر سورج گرہن اپنے عروج پر ہوگا اور اس کا اختتام 4 بجکر 34 منٹ پر ہوگا۔
ماہر فلکیات کا کہنا ہے کہ سورج گرہن کے دوران رنگ آف فائر دیکھا جائے گا۔
واضح رہے کہ گزشتہ سال 14 دسمبر کو سورج کو گرہن لگا تھا تاہم یہ بھی پاکستان میں نہیں دیکھا گیا تھا۔
سورج گرہن کے نقصانات
سورج گرہن کا سب سے زیادہ خطرہ آنکھوں کو ہوتا ہے کیونکہ گرہن لگنے کے دوران سورج سےانفراریڈ، الٹراوائیلٹ نامی سرخ شعاعیں نکلتی ہیں جو انسانی آنکھ کو بہت زیادہ متاثر کرتی اور اس سے قرنیہ ہمیشہ کے لیے متاثر ہوتا ہے۔
سورج گرہن کے دوران شعاعیں آپ کے قرنیہ اور ریٹنا کو جلا سکتی یا بھاپ پیدا کرسکتی ہیں جس سے انکھ کو ناقابل تلافی نقصان پہنچ سکتا ہے۔