موغادیشو: مشرقی افریقی ملک صومالیہ کے موغادیشو ائیرپورٹ پر اترنے کی کوشش کے دوران کریش لینڈنگ کرنا پڑ گئی، تاہم معجزاتی طور پر تمام مسافر محفوظ رہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق کریش لینڈنگ کا واقعہ صومالیہ کے دارالحکومت موغادیشو کے ائیر پورٹ پر پیش آیا ہے، جہاں مقامی ائیرلائن جبا ائیرویز کے طیارے کو اترنے کی کوشش کے دوران کریش لینڈنگ کرنا پڑ گئی، جس کے دوران طیارہ الٹ گیا اور اس میں آگ لگی گئی۔ کریش لینڈنگ کے بعد بروقت امدادی کاروائی کے ذریعے طیارے میں سوار تمام افراد کو بچا لیا گیا۔
حکام کا کہنا ہے کہ پرواز صومالیہ کے شہر بیدواہ سے دارالحکومت آرہی تھی اور اس میں مسافروں اور عملے کے ارکان سمیت کُل 36 افراد سوار تھے۔
حادثے کے بعد واقعے کی سامنے آنے والی فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ طیارے کو آگ لگنے کے نتیجے میں اس میں سے کالا دھواں اٹھ رہا تھا۔
طیارے کے کریش لینڈنگ کی وجہ ابھی تک سامنے نہیں آسکی ہے، ائیرلائن کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ تحقیقات جاری ہیں حادثے کی وجوہات سے جلد آگاہ کیا جائے گا۔