اتوار, مئی 11, 2025
اشتہار

صومالیہ کی سرکاری عمارت پر خودکش دھماکا، 6 افراد جاں بحق

اشتہار

حیرت انگیز

موگاڈیسو : صومالی دارالحکومت کے ہوڈان ڈسٹرکٹ میں خودکش حملہ آور نے بارود سے بھری گاڑی سرکاری عمارت سے ٹکرا دی، جس کے باعث 6 افراد جاں بحق جبکہ 16 زخمی ہوگئے۔

تفصیلات کے مطابق براعظم افریقہ کے ملک صومالیہ کے دارالحکومت موگاڈیسو میں پیر کے روز ڈسٹرکٹ ہوڈان کے سرکاری دفتر کی عمارت میں خودکش کار بم دھماکے کے نتیجے میں 6 افراد جاں بحق ہوگئے۔

واقعے کے عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ زور دار دھماکے کے باعث شہر بھر میں دھوئیں کے بادل چھا گئے۔

ایمبولینس سروس کے ڈائریکٹر عبد القادر کا کہنا ہے کہ ’ہنگامی خدمات انجام دینے والی ٹیموں نے 6 افراد کی لاشیں اٹھائی ہیں جبکہ افسوس ناک حادثے میں 16 افراد زخمی ہوئے ہیں۔

موگاڈیسو سیکیورٹی فورس کے ترجمان کا کہنا ہے کہ خودکش حملہ آور  نے بارود سے بھری ہوئی گاڑی ہوڈان ڈسٹرکٹ کی سرکاری عمارت کے مرکزی دروازے سے ٹکرا دی جس کے باعث زور دار دھماکا ہوا۔

غیر ملکی خبر رساں اداورں کی جانب سے لی جانے والی تصاویر میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ہوڈان ڈسٹرکٹ آفس کی عمارت دھماکے کے نتیجے میں مکمل طور ہر تباہ ہوچکی ہے۔

واقعے کے عینی شاہد حسین عثمان نے میڈیا کو بتایا کہ میں ایک تیز رفتار گاڑی کو سرکاری دفتر میں مرکزی دروازے سے ٹکراتے دیکھا جس کے بعد روز دار دھماکے کی آواز سنائی دی اور عمارت زمین بوس ہوگئی۔

صومالی حکام کا کہنا ہے کہ فی الحال کسی بھی دہشت گرد تنظیم نے خودکش دھماکے کی ذمہ داری قبول نہیں کی۔

یاد رہے کہ گذشتہ ہفتے صومالی دارالحکومت میں ایک اور سرکاری عمارت کو خودکش دھماکا اور اندھا دھند فائرنگ کا نشانہ بنایا گیا تھا جس کے نتیجے میں دو بچوں سمیت 6 افراد جاں بحق ہوئے تھے، جس کی ذمہ داری شدت پسند تنظیم الشباب نے قبول کی تھی۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں