کراچی: جنید جمشید کے بیٹوں نے موسیقی کی دنیا میں قدم نہ رکھنے کا اعلان کردیا اور کہا ہے کہ وہ اپنے والد کے سماجی کاموں کو آگے بڑھائیں گےجبکہ جنید کے بھائی نے کہا ہے کہ لوگوں کی آنکھوں میں جنید کے لیے آنسو دیکھے جس کا گماں تک نہ تھا۔
یہ بھی پڑھیں: جنید جمشید کی اہلیہ کی قومی فٹبال کے لیے خدمات
جنید جمشید کی تدفین کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے ہمایوں جمشید نے کہا کہ جنید صرف میرا نہیں پورے پاکستان کا بھائی تھا، فورسز، اداروں، میڈیا اور عوام کے تعاون کا مشکور ہوں کیوں کہ جنید کے جسد خاکی کی منتقلی اور تدفین کے تمام معاملات بغیر کوآرڈی نیشن کے ممکن نہ تھے۔
انہوں نے کہا کہ جنید کے لیے سب سے پہلے پاکستان تھا، لوگوں کی آنکھوں میں جنید کے لیے آنسو دیکھے جس کا گماں تک نہ تھا، لوگوں کے آنسو دیکھ کر ہماری آنکھ مزید نم ہوگئی،جنازہ قومی پرچم میں دیکھا تو لگا دل دل پاکستان کا حق ادا ہوگیا۔
مزید پڑھیں: ’’ جنید جمشید کی میت کو سپردِ خاک کردیا گیا ‘‘
دوسری جانب جنید جمشید کے بیٹوں نے موسیقی کی دنیا میں نہ جانے کا اعلان کردیا اور کہا ہے کہ وہ موسیقی کی طرف نہیں جائیں گے، بیٹے تیمور نے کہا کہ وہ اپنے والد کے سماجی کاموں کو آگے بڑھائیں گے۔
جنید جمشید کے بیٹے تیمور نے کہا کہ میرے والد صرف میرے نہیں سب کے محسن تھے، والد نے کبھی سختی نہیں کی صرف نماز کی تاکید کرتے تھے۔
دریں اثنا جنید جمشید کے گھر آج بھی تعزیت کرنے آئے لوگوں کا رش لگا رہا۔