منگل, نومبر 19, 2024
اشتہار

ماں سے بچھڑنے والے بیٹے کی 43 سال بعد جذباتی ملاقات

اشتہار

حیرت انگیز

قاہرہ : اکثر دیکھنے میں آیا ہے کہ بچپن میں اغواء یا گمشدہ ہونے والے بچے اپنے والدین سے کئی سالوں بعد ملتے ہیں اس موقع پر ایسے جذباتی مناظر دیکھنے والوں کی آنکھیں بھی نم ہوجاتی ہیں۔

ایک ایسا ہی دل سوز واقعہ مصر میں پیش آیا جہاں ایک شخص اپنی والدہ سے 43 سال بعد ملا ان خوشی کے لمحات میں ماں بیٹے کی جذباتی کیفیت قابل دید تھی۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق کم عمری میں والدین سے بچھڑنے والے اردن کے شہری کی سوشل میڈیا کی وجہ سے 43 سال بعد اپنی مصری ماں سے ملاقات ہوگئی۔

- Advertisement -

اردنی شہری وسام نے اپنی ماں ریڈا محمد الکورانی کی تلاش کیلیے فیس بک کا سہارا لیا اور صارفین سے اپیل کی کہ وہ اُس کی والدہ کو تلاش کرنے میں اس کی مدد کریں۔

مقامی میڈیا رپورٹ کے مطابق وسام نے سماجی رابطے کی سائٹ پر اپنی ماں کے نام پیغام لکھا کہ آپ کا بیٹا زندہ ہے اور آپ کو تلاش کررہا ہے۔

وسام نے اپنی اس پوسٹ میں تذکرہ کیا تھا کہ اُس کی ماں کا تعلق مصر سے ہے، اس پوسٹ کے بعد مصر اور اردن کے شہری متحرک ہوئے اور انہوں نے ماں بیٹے کو ملوانے کیلیے پوسٹ کو خوب شیئر کیا اور پھر ایک دن ایسا آیا کہ 43 سال بعد دونوں کی ملاقات ہوگئی۔

بیٹے سے ملاقات کے بعد خاتون ریڈا محمد الکورنی نے لکھا کہ بیٹے کو دیکھنے کے بعد میری نئی زندگی کی شروعات ہوگئی، مجھے بہت خوشی ہے کہ اللہ نے ہمیں ملوا دیا۔

ماں اور بیٹا 43 سال بعد ملاقات پر جذباتی ہوئے اور دونوں ایک دوسرے سے گلے لگ کر کافی دیر تک روتے بھی رہے۔

وسام نے ماں سے ملاقات کے بعد کہا کہ میں نے والدہ کو تلاش کرنے کے لیے کئی بار مصر کا دورہ کیا پھر ایک وقت ایسا بھی آیا کہ میں بالکل ناامید ہوگیا جس کے بعد میں نے سوشل میڈیا کا سہارا لیا۔

انہوں نے بتایا کہ میری آنٹی (والدہ کی رشتے دار) نے پوسٹ دیکھی اور انہیں بتایا جس کے بعد ہمارا رابطہ بحال ہوا اور پھر ملاقات ہوگئی۔

دوسری جانب سوشل میڈیا صارفین کا کہنا ہے کہ وسام نے شہرت کے لیے یہ سارا جھوٹا ڈرامہ رچایا جس میں اُس کی والدہ بھی ملوث ہے۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں