ورلڈ ریسلنگ انٹرٹینمنٹ (ڈبلیو ڈبلیو ای) کے سابق امریکی ریسلر آنجہانی اوماگا کے بیٹے زیلا فاتو نے اسلام قبول کرلیا ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق 27 سالہ زیلا فاتو امریکا کی ریاست ٹیکساس میں ڈکیتی کے الزام میں 6 سال کی سزا سنائی گئی تھی۔ دوران قید جیل میں مسلمان قیدیوں سے متاثر ہوا اور دین اسلام کی حقانیت آشکار ہونے کے بعد اس نے مسلمان ہونے کا فیصلہ کیا۔
زیلا فاتو نے اپنی ایک یوٹیوب ویڈیو میں اپنے قبول اسلام کے حوالے سے بتایا کہ جیل میں گزارے گئے وقت اور وہاں ساتھی مسلم قیدیوں کے طرز زندگی سے اسے بے حد متاثر کیا۔ جیل میں رہتے ہوئے اسلام کے بارے میں بہت متجسس تھا اور مذہب پر کافی مطالعہ اور تحقیق کے بعد 3 اپریل 2022 کو اسلام قبول کیا۔
زیلا نے اپنے اسلام کے سفر کو خوبصورت قرار دیتے ہوئے جیل میں مسلمان قیدیوں کے ساتھ گزارے وقت کے بارے میں بھی بتایا اور کہا کہ ان کے ساتھ گزارے گئے خوبصورت وقت نے اس کی سوچ کو تبدیل کیا اور وہ اسلام کے بارے میں سنجیدگی سے سوچنے پر مجبور ہوا۔
واضح رہے کہ زیلا فاتو سوشل میڈیا پر اپنی فٹنس اور مراقبے کی ویڈیوز کے حوالے سے شہرت رکھتے ہیں۔