ممبئی: بالی وڈ کی معروف اداکارہ سوناکشی سنہا بھی بھارتی نیوز چینلز کی مضحکہ خیز خبروں اور غیر ذمہ دارانہ رپورٹنگ سے تنگ آ گئیں۔
انڈین میڈیا کی رپورٹس کے مطابق سوناکشی سنہا نے بھارتی نیوز چینلز کے خلاف سخت مؤقف اختیار کیا اور انہیں خبروں کا سرکس کہہ دیا۔
پاک بھارت کشیدگی سے متعلق تمام خبریں
انسٹاگرام اسٹوری پر سوناکشی سنہا نے بھارتی نیوز چینلز کو پاکستان کے ساتھ جاری کشیدگی میں سنسنی خیز اور فلمی کوریج کی وجہ سے تنقید کا نشانہ بنایا اور الزام عائد کیا کہ وہ حقیقت بیان کرنے کے بجائے لوگوں میں خوف و ہراس پیدا کر رہے ہیں۔
بالی وڈ اداکارہ نے کہا کہ ہمارے نیوز چینلز ایک مذاق ہیں، میں ان کی حد سے زیادہ ڈرامائی انداز، چیخ و پکار اور خوف پھیلانے سے شدید متاثر ہوئی ہوں، آپ کر کیا رہے ہو؟ بس اپنا کام کرو اور حقائق سامنے لاؤ۔
’جنگ کو سنسنی خیز بنانا اور ان لوگوں میں خوف و ہراس پیدا کرنا بند کریں جو بہرحال بے چین ہیں۔ لوگوں سے گزارش ہے کہ وہ صرف ایک قابل اعتماد خبر کا ذریعہ تلاش کریں، خبروں کے نام پر اس گندگی کو دیکھنا بند کریں۔‘
سوناکشی سنہا کی جانب سے مذکورہ بیان بھارتی وزارت دفاع کی جانب سے نیوز چینل، میڈیا آؤٹ لیٹس اور ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کو باضابطہ ایڈوائزری جاری کرنے کے چند گھنٹے بعد سامنے آیا۔
ایڈوائزری میں زور دیا گیا کہ فوجی آپریشنز، فوجیوں کی نقل و حرکت اور حکمت عملی کے فیصلوں کی لائیو کوریج کو نشر کرنے سے گریز کیا جائے۔
بھارتی وزارت دفاع نے خبردار کیا کہ اس طرح کی کوریج آپریشنل سکیورٹی اور اہلکاروں کو خطرے میں ڈال سکتی ہے۔